دیوبند۔ دانیال خان(یو این اے نیوز 15اپریل 2020 مہلک وباء کورونا وائرس کے روز افزوں اثرات اور رونماہوتے متعد د واقعات نے ہر شخص کو شدید تشویش میں مبتلاء کردیا ہے، ساتھ ہی اس وباء سے نبر د آزمائی کی حکومتی، اجتماعی اور انفرادی ہرسطح پر مختلف ناحیوں سے کو ششیں جارہی ہیں، ادھر دیوبند میں اس مرض سے متعلق چند مشتبہ افراد کے پائے جانے کی بناء پر دیوبند کی انتظامیہ بھی الرٹ ہے، اور اس مرض سے مقابلہ کیلئے جہاں ایک طرف مشتبہ مریضوں کو قرنطینہ کردیا گیا ہے، وہیں شہر میں سینیٹائزنگ بھی جاری ہے،
دیوبند میں چونکہ قرنطینہ کا مرکز جامعہ طبیہ دیوبند کو بنا یا گیا ہے، جہا ں مشتبہ مریضوں کی بڑھتی تعداد کو دیکھتے ہوئے موجودہ سینیٹائزنگ سسٹم کو مزید مؤثربنانے کیلئے باضابطہ سینیٹائزنگ مشین کا نظم کیا گیا، اس ضرورت کو دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے فوری محسوس کرتے ہوئے باضابطہ مشین کا انتظام کرمقامی انتظامیہ کی موجودگی میں ایس ڈی ایم دیوبندکے ہاتھوں جامعہ طبیہ کے سپر د کیا، اس موقع پرمولانا محمد سفیان قاسمی نے اپنے پیغام میں کہاکہ اس وبائی مرض کے بڑھتے اثرات سے تحفظ کیلئے حکومتی ہدایات کے لحاظ کے ساتھ مقامی انتظامیہ کا تعاون کرنا ہمارا شرعی واخلاقی فریضہ ہے،چونکہ جامعہ طبیہ دیوبند میں سرکاری افسران، ڈاکٹرس اور صفائی ملازمین کی کثرت آمد ورفت اور قرنطینہ میں موجود افراد کے تحفظ کے تناظر سے اس آٹومشین کا انتظام کیاگیاہے، یہ مرحلہ ہما رے لئے یقینا یہ ایک تشویشنا ک و صبر آزما مرحلہ ہے،
ہمیں مکمل صبر وثبات اور رجوع الی اللہ کے ساتھ اس وباء کا مقابلہ کرنا ہے، انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں میں اپنے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے کثر ت عبادت واستغفار اور رجو ع الی اللہ کے ساتھ ساتھ خوب دعاؤں کا اہتمام کریں، مزید انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن کی مدت میں کی گئی توسیع کا پاس لحاظ ہمارے تحفظ کے تئیں ناگزیر ہے، جامعہ طبیہ دیوبند کے سیکریٹری ڈاکٹر انور سعید نے مولانا سفیان قاسمی کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ دارالعلوم وقف دیوبند نے اس اہم ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے قرنطینہ میں موجود لوگوں کیلئے خصوصا اور پورے دیوبند والوں کیلئے عمومااس اہم ضرورت کی تکمیل فرمائی، اس موقع پر موجود ایس ڈی ایم دیوبند نے کہاکہ شہرت یافتہ ادارہ دارالعلوم وقف دیوبندکی انتظامیہ کے اس آٹوسینیٹائزنگ مشین کے تعاون پر ہم مشکور ہیں، جنہوں نے اس مشین کے انتظام کے ذریعہ ایک اہم ضرورت کی تکمیل کی ہے،
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہیکہ دارالعلوم وقف دیوبند کے اس اہم اقدام سے دوسرے لوگوں میں بھی اس طرح کی خدمت خلق کامزید داعیہ پیدا ہوگا،اور اس جانب بھی لوگوں کی توجہ ہوگی، دارالعلوم وقف دیوبند کے نائب مہتمم مولاناڈاکٹر محمد شکیب قاسمی نے کہاکہ علاقہ میں اس ضرورت کی شدت سے محسوس کی جارہی تھی جس کی بناپر مہتمم ادارہ کی ہدایت پر اس مشین کا جامعہ طبیہ کیلئے انتظام کیا گیا،امید ہیکہ مستقبل میں بھی یہ مشین ہاسپٹل کیلئے کا ر آمدومفید ثابت ہوگی، جلد ہی دارالعلوم وقف دیوبند میں بھی طلبہ اور واردین وصادرین کے تحفظ کے نقطہ نظر سے اس آٹوسینیٹائزنگ مشین کا نظم کیا جارہا ہے۔
جامعہ طبیہ دیوبند کے ایڈمنسٹریٹرڈاکٹر اختر سعید نے کہاکہ خدمت خلق کے نقطہ نظر سے دارالعلوم وقف دیوبند کی یہ قابل تقلیدپیش رفت اس موقع پر مستفیدین کیلئے ایک عظیم اور مفید سرمایہ ثابت ہوگا، اس موقع پر ایس، ڈی،ایم دیوبند کے ساتھ لوکل ایڈمنسٹریشن کے افراد کا راور ڈاکٹر انور سعید، ڈاکٹر اختر سعید، مولانا ڈاکٹرشکیب قاسمی، بشارت اللہ عثمانی،ڈاکٹر یونس صدیقی، ڈاکٹر شبلی اقبال کے علاوہ جامعہ طبیہ کا عملہ موجود رہا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں