نوادہ: قبرستان کی زمین کو لے کر دو فریقوں میں تنازع، پولیس کی مداخلت سے ٹلا تصادم۔
نوادہ/پھولپور اعظم گڑھ (نمائندہ خصوصی): مقامی قبرستان کی زمین کو لے کر آج دو فریقوں کے درمیان شدید تنازع پیدا ہو گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مزمل نامی شخص کی اہلیہ کے انتقال کے بعد تدفین کے لیے لوگ قبرستان میں قبر کھودنے گئے۔
جیسے ہی اہل خانہ اور مقامی افراد قبر کھودنے لگے، شیخ ولیاں گاؤں کے بھر برادری کے لوگوں نے اعتراض کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی شروع کر دی۔ صورتحال کشیدہ ہوتے دیکھ کر مقامی لوگوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔
کوتوال اور سی او موقع پر پہنچے اور دونوں فریقوں کو سمجھا بجھا کر فی الحال معاملے کو رفع دفع کرایا۔ انتظامیہ نے طے کیا ہے کہ دونوں فریق دو دن بعد تھانے میں بیٹھک کر کے باہمی گفت و شنید سے مسئلہ حل کریں گے۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ علاقے کے امن میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ فی الحال حالات قابو میں ہیں اور علاقے میں پولیس تعینات ہے تاکہ دوبارہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں