دیوبند(یواین اے نیوز20مارچ2020)طلبہ عزیز! جیسا کہ آپ کے علم میں ہے کہ اس وقت کورونا وائرس نامی وباء نے عالمی پیمانے پر انتہائی مہلک صورت حال اختیار کرلی ہے یقینا اس کے اثرات ہندوستان میں بھی تیزی سے پھیلتے دیکھے جارہے ہیں جس کے تناظر میں حکومت نے احتیاطی نقطہ نظر سے 2اپریل2020ء تک تمام طرح کی تعلیمی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے، اور چونکہ اسباق کی تکمیل ہوچکی تھی اور ادارہ میں تعلیم کا سلسلہ موقوف ہی تھا، علاوہ ازیں اس تشویشناک صورت حال میں اطلاعات کے مطابق تقریبا ڈیڑھ سو ٹرینیں بھی کینسل ہوگئی ہیں اور جس طرح تیزی کے ساتھ اس وباء کے اثرات پھیلتے نظر آرہے ہیں ایسے میں مستقبل قریب میں بھی بظاہر صورت حال مثبت نظر نہیں آرہی ہے، علاوہ ازیں آپ حضرات کا تحفظ بھی ادارہ کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور ادارہ اس بات کا آرزو مند ہے کہ آپ بحفاظت اپنے گھر جائیں، لہذا مذکورہ احوال کے تناظر میں اساتذہ جامعہ کی ایک اہم میٹنگ بلائی گئی جس میں یہ طے پایا کہ فی الحال ادارہ میں تعطیل کر دی جائے ،مورخہ 25 مارچ 2020ء سے جاری ہونے والے تمام امتحانات (خواہ تقریری ہوں یاتحریری) ملتوی کر دیئے جائیں۔
اور یہ امتحانات ماہ شوال میں منعقد کئے جائیں، ان امتحانات کاآغاز مورخہ 8/شوال المکرم 1441ھ سے ہوگا اس لئے تمام طلبہ 7مورخہ شوال 1441ھ تک ادارہ میں ہے ہر صورت حاضری کو لازم بنائیں، دورہ حدیث شریف و جملہ تکمیلات وتخصصات میں داخل طلبہ کو اس موقع پر بطور ترجیح جلد امتحانات سے فارغ کرنے کی کوشش کی جائے گی، ان امتحانات کاتفصیلی نقشہ بروقت آویزاں کیا جائے گا، اس لئے طلبہ ماہ شوال میں جامعہ میں حاضر ہونے میں قطعاً تاخیر نہ کریں۔ واضح رہے کہ روانگی کے ٹکٹ میں آنے والی دشواریوں کا ادراک کرتے ہوئے یہ طے پایا ہے کہ آپ حضرات کا جب تک ٹکٹ نہیں بن جاتا اس وقت تک آپ ادارہ میں قیام کریں،اس درمیان تتکال ٹکٹ حاصل کرنے کی اپنی بھر پور کوشش جاری رکھیں، دارالاقامہ اورمطبخ کا نظام معمل حسب دستور جاری رہے گا۔علاوہ ازیں اگر ہنگامی طور پر کوئی نئی صورت درپیش آتی ہے تو ادارہ اس کا اعلان کر دے گا،آپ حضرات ادارہ کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے ہدایات کی جانب متوجہ رہیں۔الله تعالی پورے عالم کی تمام آفات و بلیات سے حفاظت فرمائے اور امت مسلمہ کے حق میں خیر کے فیصلہ فرمائے۔ آمین۔


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں