تازہ ترین

پیر، 27 اکتوبر، 2025

متاعِ ضیاء: قاری اشتیاق احمد ضیاء جون پوری کا دوسرا نعتیہ مجموعہ جاری

متاعِ ضیاء: قاری اشتیاق احمد ضیاء جون پوری کا دوسرا نعتیہ مجموعہ جاری
جونپور، اسماعیل عمران (یو این اے نیوز 27 اکتوبر 2025): شہر جونپور کے مشہور شاعر اور قاری اشتیاق احمد ضیاء جون پوری کے دوسرے نعتیہ مجموعہ "متاعِ ضیاء" کا اجراء ایک جوش و جذبے سے بھرپور تقریب میں ہو گیا۔ یہ تقریب نذیریہ لائبریری کے زیرِ اہتمام تندوری دربار کے وینکٹ ہال میں منعقد کی گئی، جہاں ادبی و دینی حلقوں کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی اور پروگرام کو چار چاند لگا دیے۔

مجموعہ کا اجراء لکھنؤ سے تشریف لائے ممتاز شعراء میں شمار جناب کاوش شوکت کے دستِ مبارک سے عمل میں آیا۔ صدارت کا فریضہ شہر کے مشہور عالمِ دین ڈاکٹر مولانا عبد الوحید قاسمی نے سنبھالا، جبکہ مہمانانِ خصوصی میں شہر کے مشہور شاعر و ناظم جناب پرکھر  دیویدی، ممبئی سے آئے جناب ابوذر انصاری جونپوری، جناب صابر سیفی اور جناب ارشاد انور شامل تھے۔ جناب ارشاد انور کی عمدہ نظامت نے تقریب کو مزید دلچسپ بنا دیا۔

شہر کے ممتاز عمائدین و شعرائے کرام کی شرکت نے  اس ادبی محفل کو رونق بخش دی۔ ان میں کئی کتابوں کے مصنف جناب  عرفان  جونپوری،جناب ندیم علوی، محمد حنیف انصاری، جناب عمر فاروقی ایڈووکیٹ، نادم جون پوری، مونس جون پوری، قاری حسان اور دیگر معززین شامل تھے۔ ان حضرات کی موجودگی نے نہ صرف تقریب کی شان بڑھائی بلکہ نعت گوئی اور شاعری کی روایت کو مزید مستحکم کیا۔

آخر میں، نذیریہ لائبریری کے سکریٹری محمد عارف خان نے تمام مہمانانِ گرامی، شرکاء اور تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات ادبی و دینی شعور کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ تندوری ڈھابا میں منعقدہ یہ پروگرام شہر کی ادبی زندگی کا ایک یادگار لمحہ ثابت ہوا، جو قاری اشتیاق احمد ضیاء جون پوری کی نعتیہ شاعری کی مزید پذیرائی کا باعث بنے گا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad