دیوبند:دانیال خان(یواین اے نیوز20مارچ2020)ملک میں پھیل رہے کورونا وائرس کے پیش نظر ایک میٹنگ کا انعقادجمعیتہ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی اور ادارہ کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی بنارسی کی سرپرستی میں کیا گیا۔میٹنگ میں آنے والی 26مارچ سے ادارہ میں شروع ہونے جا رہے امتحانات کے متعلق بھی غور و خوض کیا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ میٹنگ میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کے لئے سخت افسوس کا اظہار کیا گیا اور تجویز رکھی گئی کہ اگر کورونا وائرس کا دائرہ بڑھتا ہے تو طلبہ کے امتحانات دو نشستوں میں کرائے جائیں گے تاکہ طلبہ عزیز امتحان سے فارغ ہوکر جلد اپنے گھروں کو واپس لوٹ جائیں۔اس دوران جمعیتہ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی نے کہا کہ قدرتی وسائل کابے دردی سے استحصال کرتے ہوئے انسانیت کو ختم کرنے کے لئے کورونا سمیت مستقبل کے وائرس کو تیار کرنے کا کام ہم نے خود ہی کیا ہے۔
![]() |
| فائل فوٹو |
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس ایک عالمی وباء ہے ہم سب کو اس کا مقابلہ بھر پور طریقہ سے کرنا چاہئے۔ادارہ کے مہتمم مولانا ابوالقاسم نعمانی بنارسی نے کہا کہ احتیاط بہترین علاج ہے بیماری سے خوف زدہ ہونے کے بجائے ہمیں اس کا مقابلہ کرنا چاہئے،انہوں نے کہا کہ اسلام میںصفائی اور پاکیزہ چیزوں کے کھانے کے جو احکام و ہدایات ہیں ان پر پوری طرح عمل کرنا چاہئے۔میٹنگ میں موجود اساتذہ نے بتایا کہ طلبہ کو صفائی ستھرائی کی ہدایت کر دی گئی ہے ساتھ ہی ادارہ میں صفائی ستھرائی کی جانب زیادہ توجہ دی جا رہی ہے اور طلبہ کو بیداری کا پیغام دینے کے ساتھ ساتھ سینی ٹائزر،ماسک،صابن اور پھٹکری وغیرہ رکھنے کو کہ دیا گیا ہے۔میٹنگ میں جملہ اساتذہ موجود تھے۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں