تازہ ترین

منگل، 21 جولائی، 2020

مولانا سید محمد سلمان مظاہری ؒ کی رحلت سے رنج و غم کا ماحول

دیوبند:دانیال خان(یواین اے نیوز21جولائی2020)علماء وصلحاء اور عوام کی اصلاح وتربیت کرنے والے قلندر صفت مردِ خدا شناس، اسلافِ اْمت کا نمونہ اور روایاتِ اکابر کے پاسباں مولانا سید محمد سلمان ؒ کی رحلت پر تعزیتی مجالس کا دور جاری ہے۔اسی کڑی میں دیوبند کی قدیم دینی درسگاہ مدرسہ اسلامیہ اصغریہ میں ایک تعزیتی میٹنگ کا انعقاد عمل میں آیا جس میں خطاب کرتے ہوئے ادارہ کے مہتمم مولانا سید جمیل حسین نے کہا کہ مولانا موصوف عابد، زاہد، سادگی پسند اور سادہ طبیعت تھے۔ اپنی سادگی، منکسر المزاجی اور ملنساری کی وجہ سے ہر طبقہ کے لوگوں میں مقبول تھے۔ اعتدال، توازن اور توسع وکشادہ نظری آپ کا امتیازی وصف تھا، ہر وقت زبان کو اللہ کی یاد سے تررکھنا آپ کا محبوب وطیرہ تھا۔مولانا سید جمیل حسین نے بتایا کہ مولانا مرحوم کی فیاضی اور ان کے دسترخوان کی وسعت بڑی مثالی تھی، کوئی بھی مہمان چاہے وہ خاص ہو یا عام،جماعت ہو یافرد بغیر کھاناکھائے نہ جائے اس کے لیے مستقل خدام کو ہدایت دیتے رہتے تھے کہ مہمانوں کی خاطر تواضع میں کوئی کمی باقی نہ رہے۔ 

اگر مہمانوں کی خدمت میں کسی خادم سے کسی طرح کی ادنیٰ سی بھی کوتاہی محسوس کرتے تو اس کی سرزنش فرماتے۔وہیںخانقاہِ امدادیہ اشرفیہ تھانہ بھون خانقاہ کے ناظم مولانا سیّد نجم الحسن تھانوی نے اپنے تعزیتی پیغام میںمولانا سلمان مظاہریؒکی منظر کشی کرتے ہوئے کہا کہ مولانا سلمان مظاہری کو حق تعالی نے بے پناہ خصوصیات،علمی،روحانی،انتظامی صلاحیتوں اور جاہ و جلال سے نوازا تھا،مولانا علیہ الرحمہ گھٹنوں میں سخت درد کے باوجود مدرسہ کی ذمہ داری اور درس وتدریس اور دعوتی اسفار پوری دلچسپی کے ساتھ انجام دیا کرتے تھے اس کے ساتھ ساتھ تصوف وسلوک میں بھی اللہ پاک نے ان کو ایک مقام عطا فرمایا تھا چناچہ حضرت مولانا پیر طلحہ علیہ الرحمہ کی وفات کے بعد حضرت شیخ الحدیث علیہ الرحمہ کی خانقاہ کے جانشین منتخب ہوئے تھے

مولانا سید محمد سلمان کی وفات سے اہل علم واہل سلوک کو جونقصان پہونچا ہے اسکی تلافی بہت مشکل ہے،ہزاروں شاگردوتلامذہ جنہوں نے مرحوم سے استفادہ کیا ہے یقینا وہ ان کے لئے ثواب جاریہ ہیں اللہ پاک انکی مغفرت فرمائے،درجات کو بلند فرمائے، ملت کو آپ کا نعم البدل عطا فرمائے اور اللہ تبارک وتعالیٰ مولانا مرحوم کی جملہ حسنات کو قبول فرمائے اور ان کے متوسلین، معتقدین اور مریدین کو صبر جمیل سے نوازے اور مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین۔ 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad