تازہ ترین

منگل، 21 جولائی، 2020

غیر ممنوعہ مویشیوں کی خرید فروخت کے متعلق واضح حکم جاری کرنے کا مطالبہ

دیوبند:دانیال خان(یواین اے نیوز21جولائی2020)عالمی شہرت یافتہ دینی دانشگاہ دارالعلوم دیوبند نے صوبائی وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے مسلمانوں کے دوسرے سب سے بڑے تہوار عید الاضحی پر عید گاہ میں نماز ادا کئے جانے اور قربانی کے لئے اجازت شدہ مویشیوں کی خرید فروخت کے متعلق واضح حکم جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی نے ایس ڈی ایم دیوبند راکیش کمار کے توسط سے پانچ نکاتی میمورنڈم ارسال کیا ہے،میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ عید الاضحی کا تہوار نزدیک ہے،اسلام میں قربانی کا کوئی بدل نہیں ہے جس بھی مسلمان پر قربانی واجب ہے اسے ہر حال میں یہ فریضہ ادا کرنا ہوتا ہے،عید الاضحی کے تہوار میں بہت کم وقت باقی رہ گیا ہے اور قربانی کے متعلق حکومت و انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک کوئی حکم نامہ جاری نہیں ہوا ہے جس کی وجہ سے مسلمانوں میں بے چینی پھیلی ہوئی ہے ساتھ ہی ملک میں کورونا کے بڑھتے اثرکے پیش نظر مختلف پابندیاں عائد ہیں جس کے نتیجہ میں مسلمانوں کو تہوار کی تیاری میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عید الاضحی کے مد نظر تاریخ و دنوں کے مطابق ہفتہ اور اتوار کا لاک ڈاؤن ملتوی کیا جائے تاکہ اس کا کوئی اثر تہوار پر نہ پڑے، عید الاضحی کی نماز جسمانی فاصلے کے ساتھ عیدگاہ میں ادا کرنے کی اجازت دی جائے،میورنڈم میں کہا گیا ہے کہ انلاک کے با وجود متعدد مقامات پر لگنے والی مویشی منڈی کی اجازت بھی مقامی انتظامیہ نہیں دے رہا ہے اور قربانی کے لئے مویشی لانے لے جانے والے افراد کے ساتھ بد سلوکی کے واقعات پیش آ رہے ہیں اس لئے مفاد عامہ میں اجازت کا واضح حکم جاری کیا جائے ساتھ ہی بازار،مال،فیکٹری،بینک اور سرکاری دفاتر کی طرز پر سوشل ڈسٹینسنگ کی شرط کے ساتھ بغیر تعداد متعین کئے مساجد میں پانچ وقت کی نماز ادا کئے جانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔میمورنڈم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکومت کے اس قدم سے ملک و دنیا میں ایک اچھا پیغام جائیگااور اتر پردیش کانام بھی مزید روشن ہوگا،واضح ہو کہ عید الاضحی کا تہوار تین دنوں تک منایا جاتا ہے اس سال قمری تاریخ کے مطابق 31جولائی یا یکم اگست سے یہ تہوار منایا جائیگا اور قربانی ہر ایسے عاقل،بالغ،مقیم مسلمان مرد و عورت پر واجب ہے 

جس کے پاس اپنی بنیادی ضرورتوں کے علاوہ اتنے پیسے یا کوئی سامان ہو جو نصاب زکوۃ کی مقدار کو پہنچ جائے۔ قربانی ایک ایسی عبادت ہے جس میں ایک چھوٹے جانور کو ذبح کرنا یا بڑے جانور میں حصہ لینا ضروری ہے اس لئے کوئی دوسرا عمل قربانی کے بدلے واجب نہیں ہوتا۔وہیں اتر پردیش کی یوگی حکومت نے موسمیاتی بیماریوں اور کورونا انفیکشن کی روک تھام کے لئے ہرہفتہ اور اتوار کو لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے جس کے سبب مسلمانوں کو قربانی کے عظیم تہوار کو منانے میں بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔جس کی وجہ سے مسلمانوں میں بے چینی پھیلی ہوئی ہے،حالانکہ ماضی میں ملک کی مختلف عدالتوں نے قربانی کو مسلمانوں کا اہم مذہبی فریضہ تسلیم کرتے ہوئے مسلمانوں کو قربانی کی اجازت دی تھی جس کے سبب ہر سال ملک سمیت دیوبند علاقہ میں بھی قربانی کا فریضہ مسلمانوں کی جانب سے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ انجام دیا جاتا رہا ہے۔مسلمانوں میں بے چینی کے ماحول کو دیکھتے ہوئے دارالعلوم دیوبند نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو میمورنڈم ارسال کر کو عید الاضحی کے تہوار کے متعلق واضح حکم جاری کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad