جموں کشمیر(یواین اے نیوز 14مارچ2020)نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنی رہائی کے دوسرے دن ہی سنیچر کو اپنے فرزند اور پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ سے ہری نواس سب جیل میں ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعہ کے روز اپنی رہائی کے بعد جموں کشمیر حکام سے اپنے بیٹے عمر عبداللہ سے ملاقات کرنے کی اجازت طلب کی تھی جس کو منظوری دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں باپ بیٹے نے قریب ایک گھنٹے تک ملاقات کی اور یہ منظر انتہائی جذباتی تھا۔
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ یہ صرف پارٹی کے دو بڑے لیڈروں کے درمیان طویل عرصے کی بعد ملاقات ہی نہیں بلکہ ایک باپ اپنے بیٹے سے ۷؍ ماہ بعد مل رہا تھا۔واضح رہے کہ جموں کشمیر انتظامیہ نے جمعہ کو ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی نظر بندی ختم کردی ہے۔ وہ مرکزی حکومت کی طرف سے گزشتہ سال ۵؍اگست سے نظر بند تھے۔ انہیں اور کشمیر کے متعدد لیڈران کو ریاست کو دو وفاقی حصوں میں منقسم کرنے کے فیصلے کے پیش نظر زائد از ۷؍ ماہ سے نظر بند کیا گیا ہے۔ دو سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کے علاوہ کئی سیاسی جماعتوں کے لیڈران ۵؍ اگست سے مسلسل نظر بند ہیں۔
روزنامہ انقلاب

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں