سنبھل(یواین اے نیوز30جنوری2020)بابائے قوم کی بیش بہا خدمات کو النور پبلک اسکول سنبھل میں یاد کیا گیا کیونکہ ہندومسلم اتحاد کے علمبردار اور ملک کی آزادی میں نمایاں رول ادا کرنے والے مہاتما گاندھی پر آج ہی کے دن (30 جنوری 1948ء بروز جمعہ) نتھو رام گوڈسے نے گولیاں چلاکر قتل کیا تھا اور ملک کو آزاد ہوئے ابھی چھ ماہ بھی نہ گزر ے تھے کہ وہ چراغ بجھ گیا جس نے ملک کو روشن کررکھا تھا اور جو ہمیں یہ سبق دے گیا کہ ہمیں یہ نہیں سوچنا چاہئے کہ ہم صرف ہندو، مسلمان، سکھ یا عیسائی ہیں بلکہ ہم ہندوستانی بھی ہیں اور سچے ہندوستانی ہیں۔ یوم جمہوریہ کی مناسبت پر النور پبلک اسکول سنبھل میں منعقدہ ثقافتی پروگرام میں اسکول کے 120 بچوں نے حصہ لیا تھا۔
مولانا اسحاق سنبھلی ٹرسٹ کی سرپرست محترمہ ڈاکٹر سدھا سکسینہ اور صدر ماسٹر مقصود حسن، آرگنائزر محترمہ ڈاکٹر ہما مقصود اور محترمہ سدرا بلال نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی، جنہوں نے النور پبلک اسکول کی انتظامیہ اور جملہ اسٹاف کو کامیاب پروگرام منعقد کرنے پر مبارک باد پیش کی۔ ٹرسٹ کی جانب سے ان 40 بچوں کو سرٹیفیکٹ سے نوازا گیا جنہوں نے یوم جمہوریہ کے موقع پر النور پبلک اسکول میں منعقد ہونے والے پروگرام میں نمایاں رول ادا کیا تھا۔ محمد سہیم اور فرہد محسن کو بھی سماجی خدمات کے پیش نظر سرٹیفیکٹ سے سرفراز کیا گیا۔اس موقع پر النور پبلک اسکول کے ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی سنبھلی نے کہا کہ گاندھی جی کے اصولوں پر عمل کرکے ملک میں پیدا شدہ تشدد کے ماحول کو ختم کیا جاسکتا ہے۔
اور سب کی ذمہ داری ہے کہ مہاتما گاندھی جی کو یاد رکھیں اور اُن کے قیمتی اصولوں کو اپناتے ہوئے اپنے ملک کی ترقی میں اپنا اپنا رول نبھاتے رہیں اور ہندومسلم ایکتا کے لئے اپنی گرانقدر خدمات پیش کرتے رہیں۔ اسکول کے پرنسپل محمد حیات وارثی نے مہاتما گاندھی کے قتل کے واقعہ پر مختصر روشنی ڈالی۔ آخر میں ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی نے محمد سہیم، فرہد محسن، انجم آرا، عذریٰ بی، عذریٰ خانم، فائضہ رحمان، نازیہ زینت، تبسم جہاں، رابعہ فہیم اور سامیہ وسیم کا شکریہ ادا کیا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں