تازہ ترین

جمعہ، 21 اکتوبر، 2022

یہ خبر سن کر بہت زیادہ تکلیف ہوئی

یہ خبر سن کر بہت زیادہ تکلیف ہوئی 

 ڈاکٹر نثار جنہوں نے ابھی ایم۔بی۔بی۔ایس کی ڈگری حاصل کرکے میڈیکل ڈاکٹری کے میدان میں اپنا کیرئیر شروع کیا تھا وہ اور ان کی اہلیہ ایک برقی جھٹکے / الیکٹرک شاک کے حادثے میں انتقال کرگئے، زیادہ تکلیف یوں ہوئی کہ دونوں کی شادی کو محض ایک مہینہ ہوا تھا، کیا ہی نورانی اور ہنستے مسکراتے، ہشاش بشاش چہرے ایک جھٹکے میں ختم ہوگئے، ان کی صورتیں دیکھ کر دل غمگین ہوا، جاتاہے ۔


مجھے کبھی ان نوجوانوں سے ملاقات کا موقعہ تو نہیں ملا لیکن اس حادثے کا دل پر اثر یوں ہےکہ یہ دونوں ہی اعلیٰ تعلیمیافتہ ہونے کےساتھ ساتھ تحریکِ اسلامی سے وابستہ تھے، ڈاکٹر نثار اسٹوڈنٹ اسلامک آرگنائزیشن مراد پور یونٹ کے صدر تھے اور ان کی اہلیہ مسلم بچیوں کی تنظیم جی۔آئی۔او کی ریاستی سیکریٹری تھیں، یعنی کہ یہ اسلامی کاز پر بھی متحرک تھے، تحریکاتِ اسلامی پوری دنیا میں ایک خاندان کی طرح ہیں رنگ و بو مزاج و مذاق میں کچھ فرق ہوسکتاہے لیکن تحریکاتِ اسلامی کے کارکنوں کے دل آپس میں ایمانی ڈور کےذریعے مربوط ہوتےہیں، اسی لیے کہیں کسی تحریکی برادر و بہن کے کانٹا بھی چبھے تو ساری دنیا میں اس کی تکلیف محسوس کی جاتی ہے، 


اس لاحقے کےبغیر بھی یہ حادثہ المناک ہے لیکن تحریکِ اسلامی کی نسبت سے اس حادثے پر دل مزید رنجور ہے، اللہ سے دعا کرتاہوں کہ وہ ہمارے ان تحریکی بھائی بہن کی مغفرت فرمائے، ان کی اسلامی و انسانی خدمات کو قبول فرمائے، محبت کرنے والوں کا یہ سفر جو شروع ہوتے ہی دردناک طورپر ٹوٹ گیا اسے جنت الفردوس میں زندگی عطاء فرمائے، ان کے پسماندگان کو صبرجمیل سے نوازے، اور ان کی روحوں کو اپنے الطاف و اکرام سے نہال فرمائے، ساتھ ہی ان مرحومین کے تمام تحریکی و خاندانی وابستگان کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کرتاہوں _


نوٹ: موت کبھی بھی کیسے بھی آسکتی ہے، موت بڑھاپے کا انتظار نہیں کرتی، عین جوانی میں بھی آسکتی ہے، ہمیں ہروقت دلوں کی صفائی کےساتھ موت کی تیاری کرنا چاہیے، اللہ تعالٰی ہمیں حادثاتی موت سے بچائے_


✍: شریکِ غم: سمیع اللہ خان

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad