تازہ ترین

پیر، 1 فروری، 2021

ہفتہ برائے ترغیب تعلیم اور تحفظ اردو“ وقت کی اہم ضرورت: سفیر الدین راہی

کشن گنج یکم فروری (نامہ نگار)اوریکل انٹرنیشنل اسکول اینڈ ہاسٹل کشن گنج کی ڈائریکٹر کہکشاں یاسمین اور اسکول کے سرپرست جناب محمد سفیرالدین راہی نے امارت شرعیہ بہار، اڑیسہ و جھارکھنڈکے امیرشریعت جناب مولانا محمد ولی رحمانی کی اپیل پرمعیاری عصری اداروں کے قیام، دینی تعلیم کے فروغ اور اردو زبان کے تحفظ کے لیے تحریک چلانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے محبان اردو کو آگے آکر مشن کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔



مذکورہ تحریک کے تحت یکم فروری سے 7 فروری تک بہار کے سبھی اضلاع میں الگ الگ تاریخوں میں پروگرام منعقد ہوں گے۔


 اس اہم ترغیبی تحریک میں تمام شعبہ سے منسلک افراد، ائمہ مساجد، دینی وملی فکر رکھنے والے افراد، دانشوران، سماجی و سیاسی جماعت کے اہم افراد، تعلیم کے میدان میں کام کررہے لوگوں کو چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کرکے اس تحریک کو کامیاب بنائیں۔


امیر شریعت حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی کی ہدایت پر ''ہفتہ برائے ترغیب تعلیم اور تحفظ اردو ''کے عنوان سے منعقد ہونے والی سبھی اضلاع کی نشستوں میں بنیادی دینی تعلیم کے مکاتب، معیاری و عصری اسکول اور کم خرچ میں بہتر کوچنگ مرکزوں کے قیام پر اہل علم و دانش کو آمادہ کیا جائے گا۔


”اوریکل انٹرنیشنل اسکول اینڈ ہاسٹل کشن گنج“ کے سرپرست جناب محمد سفیرالدین راہی صاحب نے کہا کہ اس جانب ایمانداری ودیانت داری سے کام کرنے کی ضرورت ہے اور ملت اسلامیہ کے مختلف النوع مسائل کے حل کے لیے امیر شریعت حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی صاحب کے ہدایات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ موجودہ حکومت کے ذریعے لائی گئی نئی تعلیمی پالیسی کے تحت ہماری نسلوں کو بد دین بنانے اور تعلیمی درسگاہوں پر تا لے پڑنے کا منصوبہ ناکام ہو سکے۔


اسی ضمن میں 3 فروری کی نشست کشن گنج، لکھی سرائے، مدھوبنی، گیا، کیمور، و شیوہر ضلع کے ہیڈ کوارٹر میں ہوگی۔انشاء اللہ امارت شرعیہ کی اس مہم سے جڑ کر ہم ایک بہتر سماج اور خواندہ نسل تیار کر نے میں کامیاب ہو نگے۔


''ہفتہ برائے ترغیب تعلیم اور تحفظ اردو '' وقت کی اہم ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار اوریکل انٹرنیشنل اسکول کی ڈائریکٹر کہکشاں یاسمین اور سرپرست ماسٹر سفیر الدین راہی نے کیا۔


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad