کشن گنج .جمعیۃ علماء ضلع کشن گنج کے صدر مولانا الیاس مخلص نے مدنی جامع مسجد کشن گنج میں جمعہ کے بیان کے دوران فرمایا کہ عوام کو علماء کرام سے رابطہ بنائے رکھنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ایک عام مسلمان جس کا تعلق کسی عالم دین سے ہو اسے گمراہ کرنا بہت مشکل ہے،
آج دنیا میں بے شمار فتنے ابھر رہے ہیں، ایسے میں اپنے ایمان و عقیدے کو بچائے رکھنا بہم لازمی ہے؛ لہذا عوام کو چاہیے کہ وہ علمائے کرام سے مربوط رہیں، ان سے ملاقات رکھیں اور ان کی صحبت حاصل کریں اور یہ اسی وقت ہوگا جب علمائے کرام کا اکرام کیا جائے گا، ان سے عقیدت و محبت ہوگی، ان کی عظمت کو سمجھ کر ان سے قربت اختیار کریں گے۔ مولانا مخلص نے کہا کہ بہت سے لوگ علمائے کرام کی قدر و منزلت کی پرواہ نہیں کرتے؛
حتی کہ ان کے خلاف زبان درازی سے بھی گریز نہیں کرتے، ایسے افراد کو اپنے دین و ایمان کی خیر منانی چاہیے۔ علمائے کرام کی عظمت ہمیشہ باقی رہے گی، آج المیہ یہ ہے کہ ہم لوگ دیندار تو بنے رہنا چاہتے ہیں؛ لیکن دین کو سمجھنے سے دور ہیں، ہر آدمی کو چاہیے کہ وہ دین کو سمجھے اور دین کو سمجھنے کے لیے علمائے کرام کی رہنمائی حاصل کرے،
نماز کو سمجھے، نماز کے اندر پڑھی جانے والی آیات اور دعاؤں کے معنیٰ و مفہوم کو سمجھے، ہر ہر عمل میں پڑھے جانے کلمات کو سمجھے۔ ہم نے دنیا کی ہر چیز کو سمجھا، آخر کیا وجہ ہے کہ اپنے دین کو نہیں سمجھا!۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں