انصاف منچ نے قومی آبادی رجسٹر ( این پی آر) کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا
مظفرپور(یواین اے نیوز 19مارچ2020)پورےملک میں جہاں ایک طرف سی اےاے، این آر سی اورعک این پی آر کے خلاف لاکھوں لوگوں سراپا احتجاج ہیں وہیں آج انصاف منچ بہار کے ریاستی نائب صدر آفتاب عالم نے این پی آر کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا۔آفتاب عالم نے کہا کہ این پی آر کا بائیکاٹ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک مرکزی حکومت ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کرلیتی‘‘۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ این پی آر کو این آر سی سے علاحدہ کیاجائے، سرکاری افسران کو این پی آر فورمیٹ میں مشکوک قرار دئیے جانے کا جو قانونی اختیار ہے گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے منسوخ کیاجائے، حکومت نوٹیفکیشن جاری کرکے این پی آر کے مقصد کو واضح کرے کہ یہ محض مردم شماری اور ترقیاتی منصوبہ بندی کےلیے کیاجارہا ہے، اور اس کے ڈیٹا کاڈیجیٹلائزیشن نہیں کرے بلکہ مخفی رکھے۔ انہوں نے کہا کہ سی اے اے ایک غیر دستوری اور غیر جمہوری قانون ہے جس میں مذہب کی بنیاد پر شہریت کی بات کہی گئی ہے اس لیے اس قانون سے غیر دستوری اور غیر جمہوری تمام شقوں کو ختم کیاجائے۔
لکھنؤ کے گھنٹہ گھر پر سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف جاری غیر معینہ مدت دھرنا پر بیٹھی خواتین مظاہرین کے ساتھ یوپی حکومت کے اشارے پر پولیس نے جوبربریت کی ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں او رحکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جمہوری طریقے سے دھرنا دے رہی خواتین پر ستم رانیوں کا سلسلہ بند کیاجائے آفتاب عالم نے کہا کہ دستور ہند کی حفاظت کے لیے مہینوں سے دھرنا دے رہی یہ خواتین ہندوستان میں آر ایس ایس اور بی جے پی کے ظالمانہ ہندوتوا عزائم کے خلاف جدوجہد کی عظیم علامت بن چکے ہیں اس وقت پورے ملک میں بھاجپا کے مغرور اقدامات کےخلاف خواتین سینہ سپر ہیں ،شہریت ترمیم کا سیاہ قانون، NRC اور NPR جیسے آئین مخالف، مسلم دشمنی پر مبنی قوانین کے خلاف ان خواتین نے روز اول سے پرعزم مورچہ سنبھال رکھاہے آفتاب عالم نے کہا کہ پہلے 15 دسمبر کو جامعہ ملیہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بچوں کی بہادر آواز کو کچلنے کے لیے امیت شاہ اور یوگی آدتیہ ناتھ نے پولیس فورس کے ذریعے بچوں پر حملہ کروایا تھا۔
اور آج پھر گھنٹہ گھر پر دھرنا دےرہی خواتین پر ایک بار پھر یوپی پولیس نے بدترین ظالمانہ حملہ کردیا جس میں خواتین کےجسموں کو اندرونی طورپر چوٹ پہنچے اس طرح حملہ کیاگیا اور بعض رپورٹس کے مطابق مخصوص طرح سے ٹارگٹ کرکے خواتین کو پولیس نے بدترین درندگی سے پیٹا ہے،پولیس کے وحشیانہ ظلم سے خواتین کی زخمی حالت ناقابل دید اور منظر دلخراش ہے آفتاب عالم نے کہا کہ اترپردیش کی پولیس نے یوگی آدتیہ ناتھ اور امیت شاہ کے حکم پر جس طرح کی بربریت خواتین پر مچا رکھی ہے وہ ہٹلر اور جلّاد صفت درندوں کی گھٹیا تاریخ رقم کررہی ہے لیکن خواتین ظالمانہ ضربیں کھا کھا کر انقلاب کی تاریخ مستحکم کررہی ہیں، اس میں بزدلوں کے لیے سبق ہےہمارے ان نوجوان بھائیوں بہنوں کا خون اس تحریک میں روح پھونک رہاہے، آئین کا انصاف سربلند ہونے والا ہے، ظالموں کا انجام عبرتناک ہوگا۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں