نئی دہلی (یواین اے نیوز11مارچ2020)آج دہلی فساد پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بحث ہورہی تھی،جس پر اپوزیشن نے ہنگامہ کیا۔خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق بدھ کو کانگریسی اراکین کے ہنگامے کی وجہ سے پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا میں وقفہ سوالات اور وقفہ صفر نہیں ہوسکا۔رپورٹ کے مطابق ایوان کی کارروائی جیسے ہی شروع ہوئی کانگریسی اراکین نے اپنے سات اراکین کی معطلی کے مسئلے میں ہنگامہ اور شور مچانا شروع کردیا جس کی وجہ سے کارروائی دو پہر تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔دوپہر ساڑھے بارہ بجے ایوان کی کارروائی جیسے ہی شروع ہوئی کانگریس کے بعض ممبران پارلیمنٹ، پارٹی کے سات ارکان کی معطلی منسوخ کرنے کا مطالبہ دوبارہ شروع کردیا۔کانگریسی اراکین نعرے بازی کرتے ہوئے اسپیکر کی چیئر کے قریب پہنچ گئے۔
جس پر پریزائیڈنگ ڈپٹی اسپیکر راجندر اگروال نے فوری طور پر ایوان کی کارروائی دوبارہ ملتوی کردی ۔ادھر راجیہ سبھا میں کیرالہ کے دو نیوز چینلوں پر لگائی گئی پابندیوں اور دیگر مسائل پر اپوزیشن ارکان کے ہنگامے کی وجہ سے بدھ کو وقفہ صفر اور سوالات نہیں ہوسکا اور کارروائی دوپہر دو بجے تک کے لئے ملتوی کر دی گئی،ایوان کی کارروائی شروع ہونے پر ضروری دستاویزات ایوان میں رکھے جانے کے بعد اپوزیشن ارکان نے کیرالہ کے دو نیوز چینلوں پر دو دن کے لئے لگائی گئی پابندیوں اور دیگر ایشوز کے حوالہ سے شور شرابہ شروع کردیا۔ اس پر چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ متعلقہ نیوز چینلوں پر عائد کی گئی پابندی ہٹا لی گئی ہے جس کے بعد اس مسئلے کو اٹھانا مناسب نہیں ہے۔لیکن اپوزیشن کے ارکان نے حکومت کے اس اقدام کی مذمت میں نعرے بازی جاری رکھی جس پر انھوں نے کارروائی ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں