دیوبند،سمیر چودھری(یواین اے نیوز 19مارچ2020)پوری دنیا میں پھیل رہے وبائی مرض'کورونا وائرس' کو لیکر یہاں ارباب مدارس کافی فکر مند ی میںمبتلاء ہیں حالانکہ سالانہ امتحانات کو لیکر مدارس کے ذمہ داران کے سامنے اس وقت تذبذب کی کیفیت بھی بنی ہوئی ہے ،ایک جانب احتیاطی نقطہ نظر سے حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کی تعطیلات کی جارہی ہے وہیں دوسری جانب مدارس کے ذمہ داران پر بھی انتظامیہ کا کافی دباؤ ہے، جس کے سبب رابطہ مدارس اسلامیہ دارالعلوم دیوبند سے مربوط مدارس میں سال رواں اجتماعی امتحانات کو موقوف کردیا گیاہے ۔ یہ اطلاع مہتمم دارالعلوم دیوبند مفتی ابوالقاسم نعمانی کی جانب دی گئی ہے۔ وہیں اس سلسلہ میں آج دارالعلوم دیوبند میں ایک اہم میٹنگ کاانعقاد کیاگیا ،جس میں مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی اور جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت ،جس میں طلبہ کے امتحانات اور تعطیلات کے متعلق غورو فکر کیاگیا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق دارالعلوم دیوبند میں 26/ مارچ سے ہونے والے سالانہ امتحانات دونشستوں میں کرانے کا فیصلہ کیاگیا اور طلبہ کی قبل ازوقت تعطیلات پر بھی غور فکر کیاجارہاہے،حالانکہ دارالعلوم دیوبند کی جانب سے ابتدائی درجات کی تعطیل پہلے ہی کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ دارالعلوم دیوبند میں 26/ مارچ سے 10/ اپریل تک سالانہ امتحان ہونے ہیںاور ادھر انتظامیہ وبائی مرض کے سبب مدارس میں تعطیل عام کرانا چاہتی ہے ،اسی مناسبت سے آج منعقدمیٹنگ میں فیصلہ کیاگیا اگر 26/ مارچ تک حالات بہتر ہوتے ہیں تو طلبہ کے امتحانات متعینہ تاریخوں میں ہی روزانہ دو نشستوںمیں کرائے جائینگے اورقبل از وقت امتحانات مکمل کراکے تعطیل کردی جائیگی۔ جس پر ذمہ داران نے اپنی اپنی رائے رکھی اور متفقہ طورپر یہی طے پایا گیا ہے کہ فی الحال متعینہ تاریخوں میںہی امتحان کرائے جائیں،مگر آئندہ حالات کی مناسبت سے دیگر فیصلہ لیا جاسکتاہے،میٹنگ میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، صفائی ستھرائی اور دعاؤں کا خاص اہتمام کرنے کی اپیل کی گئی۔
ادھر دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کل ہند رابطہ مدارس دارالعلوم دیوبندسے مربو ط مدارس میں ہونے والے سالانہ اجتماعی امتحانات کو اس سال منسوخ کردیاہے اور کہاکہ اس سال طلبہ اپنے اپنے مدرسوں میں ہی امتحان دیں۔صوبائی صدور کو ارسال مکتوب میں مہتمم دارالعلوم دیوبند مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا اس وقت کورونا وائرس سے تحفظ کے لئے حکومت کی جانب سے اسکولوں و کالجوں میں 31/ مارچ و کئی صوبوں میں 15/ اپریل تک تعطیلات کردی گئی ہے،جس کے لئے انتظامیہ مدارس کے ذمہ داران پر بھی دباؤ بنارہی ہے،ایسے حالات میں اجتماعی امتحانات کا نظم کرنا مشکل ترین عمل ہے،اسلئے ان حالات میں اجتماعی امتحانات کو موقوف کیا جائے اور اہل مدارس کو تاکیدکی جائے کہ وہ اپنے اپنے مدارس میںطلبہ کا امتحانات خود لیں اور اس کی رپورٹ مرکزی دفتر رابطہ مدارس اسلامیہ دارالعلوم دیوبند کو ارسال کریں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں