رپورٹ ۔دانیال خان ۔یو این اے نیوز 11 فروری 2020)دیوبند کے عید گاہ میدان میں متحدہ خواتین کمیٹی کے زیر اہتمام گزشتہ 27جنوری سے شہرتیت ترمیمی ایکٹ کی مخالفت میں جاری غیر معینہ ستیہ گرہ کو لیکر اب پولیس نے سخت رویہ اختیار کر تے ہوئے سابق ایم ایل اے معاویہ علی کے بیٹے حیدر علی سمیت پانچ افراد کے خلاف مختلف دفعات میں معاملہ درج کر لیا ہے،خواتین کے احتجاجی مظاہرے میں انکے مرد اہل خانہ کے خلاف پولیس کارروائی سے شہر کی عوام میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ایس پی دیہات ودیا ساگر مشرا کی ہدایت پرمقامی پولیس نے سابق ایم ایل اے معاویہ علی کے صاحب زادے حیدر علی سمیت شہر کے دو صحافیوں کے خلاف معاملہ درج کیا ہے،
خانقاہ پولیس چوکی انچارج اصغر علی کے ذریعہ درج کرائی گئی رپورٹ میں دیوبند کے عید گاہ میدان میں سی اے اے،این پی آر،اور این آر سی کی مخالفت میں جاری غیر معینہ دھرنے میں سابق ایم ایل اے معاویہ علی کے بیٹے حیدر علی،فیروز بخت اور شعیب سمیت شہر کے دو صحافیوں پر آئی پی سی کی دفع 269/270/276اور دفع 290کے تحت مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔جبکہ شہر میں جلوس کے ساتھ عیدگاہ مدان میں پہنچنے پر راحت علی کے خلاف ایس آئی سنجے شرما کی تحریر پر 83جے جے ایکٹ کے تحت معاملہ درج کر لیا گیا ہے،
جبکہ عیدگاہ میدان میں جاری احتجاجی دھرنے میں شامل خواتین نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس جتنے بھی چاہے فرضی مقدمات قائم کر لے اس سے تحریک ذرہ برابر بھی متاثر نہیں ہوگی۔وہیں پولیس کے جارہانہ رویہ اور کانپور میں دھرنے پر بیٹھی خواتین کے ساتھ پولیس کی بدسلوکی کو دیکھتے ہوئے شہر کے بیدار لوگوں نے دیواروں پر پرچہ چسپاں کرکے خواتین کی حفاظت کرنے کے لئے رات کو عیدگاہ میدان میں ہی رہنے کی اپیل شہر کے لوگوں سے کی ہے۔دیواروں پر چسپاں پرچوں میں تحریر کیا گیا ہے کہ مرد حضرات دن کے وقت تو عیدگاہ میدان میں رہتے ہیں
لیکن رات کے وقت وہ اپنے گھروں کو چلے جاتے ہیں جس کے سبب دھرنے پر موجود خواتین کے حوصلے میں اور انکی حفاظت میں کمی آ سکتی ہے،اس لئے ہم چاہتے ہیں کہ ایک جاگو نامی تحریک بنائی جائے،اس تحریک میں شہر کے لوگ رات میں جاگ کر خواتین کی حفاظت اور اپنی طاقت کے مطابق احتجاج کریں اس لئے اس تحریک میں لوگ زیادہ سے زیادہ شامل ہوکر ایسا طریقہ کار اختیار کریں جس سے کے ایک فرد کا رات میں جاگنے کا نمبر دو رات چھوڑ کرتیسری رات میں آئے۔جس سے ہمیں اس تحریک کو انجام تک پہنچانے میں بہت آسانی ہوگی۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں