افرازل کے قاتل اور اسے شہ دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو ،مولانا محمود مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ علماء راجستھان کے وفد کی ڈی جی پی کے ساتھ بیٹھک ۔ ادھر جمعیۃ علماء مالدہ کا وفد اہل خانہ سے ملنے سعید پور پہنچا
نئی دہلی(یواین اےنیوز9دسمبر2017)ادے پور کے راج سمند میں وحشیانہ طور سے قتل کیے گئے افراز الاسلام کی آہ ملک کے گوشے گوشے میں گونجنے لگی ہے ۔ آج ملک کی اہم تنظیم جمعیۃ علماء ہند کی راجستھان اکائی کا وفد حضرت مولانا محمود مدنی کی ہدایت پرراج سمند پہنچا اور وہاں ڈی جی پی اوپی گہلوترا ، آئی جی آنند شری واستو،ایس پی مکیش ترپاٹھی وغیرہ کے ساتھ بیٹھک کی اور اصل مجرم اور اس طرح کے جرم کو شہ دینے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔جمعےۃ علماء راجستھان کے نائب صدر مولانا شبیر احمدنے ملاقات کے بعد کہا کہ ڈی جی پی نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ فساد ی اور فساد پھیلانے والے دونوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جارہا ہے ، دوسری طرف راجستھان سرکار نے افرازل کے اہل خانہ کو پانچ لاکھ روپے بطور معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ جمعےۃ علماء کے وفد میں راج سمند میں رہنے والے افرازل کے چند رشتہ دار بھی شریک تھے، وفد نے ڈی جی پی کے سامنے صاف لفظوں میں کہا کہ مجرم کی دماغی حالت اور نشہ گر ہونے کو موضوع بحث بنا کر مقدمہ کو ہر گز ہلکا نہ کیا جائے جیسا کہ پولس عملہ کے چند افراد نے غیر ذمہ دارانہ طور سے اخبار کو بیان دیا ہے ، کیوں کہ جس طرح سے الگ الگ جگہوں پر مجرم نے ویڈیو بنائے ہیں ، یہاں تک کہ مندر میں اس نے ایک ویڈیو شوٹ کی ہے ، اس کی روشنی میں مجرم کی دماغی حالت پر کوئی سوال نہیں اٹھایا جاسکتا ، ہاں وہ فرقہ پرست عناصر کے پرجوش نعروں او رمنفی مہم کے ذریعہ برین واش کیا ہو ا شخص ہے، اس لیے یہ سرکار کی ذمہ داری ہے کہ نہ صرف چھیپ کو کاٹا جائے بلکہ اس کے جڑ کی بھی نشاندہی کی جائے۔
جمعےۃ کے وفد میں مولانا محمد یونس صاحب سکریٹری جمعےۃ علما ء راجستھان، اے ایم خاں راج صدر راج سمند مسلم سماج،محمد رفیق خاں،ایڈوکیٹ فیروز خاں،شکیل بھائی ریلاوٹ،محمد سلیم،شکیل احمد بھیل واڑہ،مشرف خاں،فاروق بھائی وغیرہ شامل تھے ۔ ادھر دوسری طرف مغربی بنگال کے مالدہ ضلع میں واقع سعید پورکالی چک پہنچ کر جمعےۃ علماء ضلع مالدہ کے وفد نے افرازل کے غم زدہ اہل خانہ سے ملاقات کی اور لوگوں کو صبر وتحمل کے ساتھ حالات سے مقابلہ کرنے کی تلقین کی ، سعید پور میں ہر طرف غم کا سایہ ہے ، لوگوں کی آنکھوں میں آنسو ہے کہ کس طرح افرازل اپنی ماں کا نام پکا پکار کر مدد مانگتا رہا اور وحشی ظالم نے اس ٹکرے ٹکرے کرکے جلادیا۔سعید پور پہنچنے والے جمعےۃ کے وفدمیں حافظ نذرالاسلام سکریٹری جمعےۃ علماء ضلع مالدہ،رضاء الکریم، سمیع العالم وغیرہ شریک تھے ۔


کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں