راجستھان میں رنگ لگانے سے منع کرنے پر طالب علم کا قتل !
راجستھان ۔(یو این اے نیوز 13مارچ 2025)
راجستھان کے دوسا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ہنسراج نامی طالب علم کی اس لیے جان لے لی گئی کیونکہ اس نے رنگ لگانے سے انکار کر دیا۔ یہ واقعہ بدھ کی شام تقریباً 4 بجے رام گڑھ پچوارا کے رالواس گاؤں میں ہوا۔
واقعہ کی ویڈیو اگلے دن سامنے آئی۔ ہنسراج کے خاندان نے اس کے لاش کے ساتھ قومی شاہراہ 148 کو بند کر کے احتجاج کیا، جس کے باعث آٹھ گھنٹے تک ٹریفک نظام درہم برہم رہا۔
ہنسراج جو کہ مسابقتی امتحانات کی تیاری کر رہا تھا، لائبریری میں پڑھ رہا تھا جب اس کا رنگ لگانے کے معاملے کو لیکر اشوک، ببلو اور کالی رام سے جھگڑا ہوا۔ جھگڑا اس وقت شدت اختیار کر گیا جب تینوں نوجوان اسے لائبریری سے کھینچ کر لے گئے اور اس کی جم کر پٹائی کی۔ پٹائی کے دوران ایک نے اس کا گلا گھونٹ دیا، جس سے وہ بے ہوش ہو گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پراس کے خاندان والے اور گاؤں کے لوگ ہنسراج کو ہسپتال لے جانے کے بعد قومی شاہراہ 148 پر احتجاج کرنے پہنچ گئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہنسراج کے خاندان کو 50 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے، خاندان کے ایک فرد کو سرکاری نوکری دی جائے اور اس معاملے سے جڑے سبھی کو گرفتار کیا جائے۔
رات ایک بجے پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کے بعد احتجاج ختم ہوا، جس میں انہیں یقین دہانی کروائی گئی کہ شامل افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ہنسراج اپنے چار بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں