تازہ ترین

بدھ، 10 مارچ، 2021

پی پی گنج میں جمعیة علماء مہراج گنج، گورکھپور، دیوریا، کشی نگر کا تربیتی اجلاس منعقد

 پی پی گنج میں جمعیة علماء مہراج گنج، گورکھپور، دیوریا، کشی نگر کا تربیتی اجلاس منعقد


 مہراج گنج (عبید الرحمن الحسینی) جمعیة علماءاتر پردیش کی منظور شدہ تجویز وصدر محترم مولانا اشہد رشیدی کی ہدایت کے مطابق گزشتہ روز جمعیة علماءمہراج گنج ، گورکھپور، دیوریا، کشی نگر کا ایک تربیتی اجلاس، مدرسہ نوریہ خیریہ ، بگہی بھاری ، پی پی گنج، گورکھپور میں منعقد ہوا۔ جس کی صدارت مولانا الطاف احمد ندوی نے کی جب کہ نظامت کے فرائض جمعیة علماء مہراج گنج کے جنرل سکریٹری مولانا محی الدین قاسمی ندوی نے انجام دیئے۔

 اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، بعد ازاں ضلع مہراج گنج کے جنرل سکریٹری مولانا محی الدین قاسمی ندوی نے ملکی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنے افتتاحیہ خطاب میں کہا کہ، اس وقت ملک کے مسلمان مشکل حالات سے گذررہے ہیں، ایک طرف فرقہ پرست ذہنیت رکھنے والوں کے حوصلے بلند ہیں تو دوسری طرف حکومت کی طرف سے، ملک میں نئی تعلیمی پالیسی کے اعلان کے بعد بے چینی شروع ہوگئی ہے، کیوں کہ اس نئی پالیسی سے مذہبی تعلیم کا کتنا نقصان ہوگا، اندازہ نہیں کیا جاسکتا ، اس کے علاوہ اور بھی بے شمار ملی مسائل ہیں، جن کے لئے ابھی سے بیدار ہونا اور اس کے حل کےلئے فکر مند ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعیة کی طرف سے جاری چھ نکاتی امور کو بروئے عمل لانے کے لئے ہم تمام جمعیتی احباب پوری طرح کمر بستہ ہیں اور اسے کامیاب بنانے کےلئے ہم بہت جلد ضلعی سطح پر ایک مضبوط لائحہ عمل تیار کرنے جارہے ہیں۔ 
مذکورہ تربیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی جمعیة علماءکے کارگذار جنرل سکریٹری قاری وحافظ عبد القدوس ہادی نے کہا کہ برسر اقتدار حکومت، جس طرح ملکی آئین وقوانین میں ترمیم اور عوام کو جھانسہ دیتے ہوئے نئی نئی پالیسیاں لارہی ہے، وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں، اگر ہم نے ہوش کے ناخن نہیں لئے اور ملی ذمہ داریاں نبھانے میں چشم پوشی کی، تووہ دن دور نہیں جب ہماری نئی نسل ان میں پھنس کر نہ صرف تباہ وبرباد ہوجائے گی، بل کہ وہ اپنے عقائد حقہ سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے گی۔اس لئے آج ضرورت ہے کہ جمعیتی احباب اس میدان میں آگے آئیں اور قوم کو بیدار کرنے میں اپنی قربانی پیش کریں تاکہ صحت مند معاشرہ کی تشکیل اور قوم کو فکری ومذہبی تباہی سے بچانا ممکن ہوسکے۔قاری عبد القدوس نے مزید کہا کہ ہمیں خیر سگائی کے جذبے کے ساتھ انسانیت کے لئے نفع بخش بننا چاہئے ، اس سے اپنوں کے ساتھ برادران وطن بھی ہم سے قریب آئیں گے، اور قومی یکجہتی کو فروغ حاصل ہوگا۔
جمعیة علماءمہراج گنج کے سرپرست مولانا قاری محمد طیب قاسمی نے کہا کہ مدارس میں دینی علوم کے ساتھ عصری علوم کی تعلیم کی افادیت پر جمعیة علماءہند نے قدم بڑھایا ہے، ہم اسکی پُرزور تائید کرتے ہیں، کاش یہ قدم اور پہلے اٹھا لیا ہوتا ، تو قوم کے اوپر یہ ادبار واضمحلال نہ آتا، پھر بھی دیر آید درست آید کے تحت یہ قدم بہت ہی مستحسن ہے۔آپ نے مزید کہا کہ کبھی بھی کوئی علم کو دین ودنیا کے نام پر تقسیم کرنے کی کوشش نہ کرے، بل کہ اپنے اپنے اداروں میں جتنے بھی علوم نافعہ ہیں، سبھی کو نصاب کا حصہ بناتے ہوئے انہیں لازمی مضمون کی حیثیت سے پڑھایا جانا چاہئے۔
جمعیة علماء بستی کے جنرل سکریٹری مولانا قیام الدین قاسمی نے اپنے اپنے گاوں ومحلے میں مطب کھولنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مدرسوں میں بھی ڈاکٹر وں کی خدمات حاصل کرکے ، کلینک قائم کرنا اور طبی سہولیات پہونچانا وقت کا اہم تقاضا ہے، تاکہ ہمارے رفاہی عمل سے قوم کے کمزور طبقات کو بھی علاج معالجہ کرانا آسان ہوسکے۔جمعیة علماءبلرام پور کے جنرل سکریٹری مولانا احمد علی نے کہا حالات سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے، بل کہ نیک اور اچھے عمل کے ذریعہ اللہ کو راضی کرنے کی ہمیں کوشش کرنی چاہئے، حالات سے گھبرا کر بیٹھ جانا ایک مومن کی پہچان نہیں ہے۔ ان حالات میں ہمیں مکی زندگی کا بغور مطالعہ کرنا چاہئے۔ مدرسہ نوریہ خیریہ کے ناظم اعلیٰ سید اظہار نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ 
 جمعیة علماءمہراج گنج کے میڈیا انچارج مفتی احسان الحق قاسمی کے مطابق اس پروگرام میں مولانا صادق علی قاسمی، صدر جمعیة علماءگورکھپور، مولانامہرالدین قاسمی صدر دیوریا، مولانا محمد سعید قاسمی صدر کشی نگر، مولانا ڈاکٹر محمد اشفاق قاسمی، مفتی احسان الحق قاسمی، مولانا اقبال احمد فائق، مولانا وجہ القمر قاسمی، مولانا شکرا للہ قاسمی، مولانا شفیع اللہ قاسمی، حافظ ذبیح اللہ ، مولانا محمد سعید قاسمی، مولانا محمد انتخاب ندوی، مولانا فخر الدین قاسمی، بھائی نہال احمد ، مولانا محمد صابر نعمانی، محمد اسلم خان، مولانا اقرار احمد قاسمی ، مفتی تبار ک حسین قاسمی، مولانا شبیر احمد قاسمی، کے علاوہ چار وں اضلاع کے جمعیتی کارکنان وعہدیداران نے شرکت فرمائی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad