تازہ ترین

منگل، 3 مارچ، 2020

ویڈو:-بھاجپا سرکار کی پولس نے کسانوں کی کھڑی فصل اکھاڑ کر پھینک دی۔

لکھنؤ:  کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے پیر کویوپی کی بی جے پی حکومت کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے کسان مخالف قرار دیا۔ پرینکا گاندھی نے اتوار کو ضلع مرزا پور میں کسانوں پر ہوئے پولیس کے لاٹھی چارج کا ویڈیو ٹویٹ کیا۔ واضح رہے کہ  اتوار کو کسان مرزا پور میں مجوزہ ریلوے لائن کیلئے حکومت کی جانب سے زمین پر قبضہ کی کارروائی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے اس دوران پولیس نے ان پر لاٹھی چارج کر دیا تھا۔پیر کو پرینکا گاندھی نیٹویٹر پر اسی واقعے کا ویڈیو شیئر کیا۔ انہوں نے لکھا’’مرزا پور کے کسانوں نے بڑی محنت سے اپنی فصل لگائی تھی لیکن بی جے پی حکومت کی پولیس نے ان کی کھڑی فصل روند دی۔‘‘ انہوں نے آگے لکھا ہے ’’کل وزیر اعلی اور وزیر اعظم نے کسانوں کیلئے خوب جھوٹے اعلان کئے اور ۲۴؍ گھنٹے بھی نہیں گزرے کہ خاتون کسانوں کے ساتھ حکومت کا رویہ دیکھئے۔کسانوں کی مخالفت بی جے پی کے اندر بھری ہوئی ہے۔‘‘

 کسانوں پر لاٹھی چارج
مرزا پور   میں ریلوے لائن بچھانے کیلئے حکومت نے کئی کسانوں سے زمین  لی ہے۔ گزشتہاتوار کو کسانوں اور مقامی انتظامیہ میں اس وقت تنازع ہوگیا جب وہ ادلہاٹ پولیس اسٹیشن علاقے  کے کنڈاڈیہ کرہاٹ علاقے میں ریلوے کیلئے زمین حاصل کرنے کیلئے پہنچے۔ حکام پولیس اور جے سی بی مشین کے ساتھ زمین پر قبضے کرنے کیلئے پہنچے تھے لیکن کسانوں نے ان کی مخالف کی۔ ان کا الزام تھا کہ انہیں زمین کا معاوضہ نہیں دیا گیا ہے۔ جبکہ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کسانوں کو معاوضہ پہلے ہی دیا جاچکا ہے۔ادھر کسان برابر اصرار کر رہے ہیں کہ ابھی تک قانونی  کارروائی مکمل نہیں ہوئی ہے اور متعدد کسانوں کو ابھی تک معاوضہ نہیں ملا ہے۔انتظامیہ کی کارروائی کو دیکھتے ہوئے کسانوں نے احتجاج شروع کردیا جس کے بعد پولیس نے ان پر لاٹھی چارج کردیا۔

 لاٹھی چارج کا ویڈیو وائرل 
 پولیس کے ہاتھوں کسانوں پر لاٹھی چارج کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔پولیس کی جارحانہ کارروائی کی وجہ سے انتظامیہ کو چوطرفہ تنقیدوں کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔کسان یونین کے ایک مقامی لیڈر نے الزام لگایا کہ پولیس نے کسانوں کے خلاف طاقت کا استعمال کیا اور ان کسانوں پر لاٹھی چارج کیا جو اپنی فصلوں کی رکھوالی کررہے تھے۔وہیں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سشیل پٹیل نے کسانوں پر کسی بھی قسم کے لاٹھی چارج سے انکار کیا ہے۔ پرینکا گاندھی نے اسی وائرل ویڈیو کو ٹویٹ کیا ہے اور یوگی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کسانوں پر ہوئے لاٹھی چارج کا تذکرہ پرینکا گاندھی نے اس لئے بھی زور وشور سے کیا ہے کہ ایک روز قبل یعنی سنیچر کو وزیراعظم نریندر مودی اتر پردیش آئے تھے اور انہوں نے کسانوں کے تعلق سے بڑے بڑے دعوے کئے تھے۔

مودی کے دعوے
 وزیر اعظم نے  اپنے دورے پر چترکوٹ میں ایک پروگرام کے دوران کسانوں کو کریڈٹ کارڈ تقسیم کیا تھا  اور کہا تھا کہ ’’ہماری حکومت نے کسانوں سے متعلق پالیسیوں کو ایک نئی سمت عطا کی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ ’’ہم مسلسل اس کوشش میں ہیں کہ کسانوں کی آمدنی دوگنی ہو جائے  اور انہیں فصلوں کے مناسب دام ملیں۔‘‘ ان کے جاتے  ہی کسانوں پر مرزا پور میں لاٹھی چارج ہوا جس کی وجہ سے یوپی حکومت کو سوشل میڈیا پر تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad