دیوبند/دانیال خان(یواین اے نیوز27فروری2020)شاعر اسلام و مدرسہ مظاہر علوم وقف سہارنپور کے استاذمولانا ولی اللہ ولی قاسمی بستوی ؒکے سانحہ ارتحال پرعید گاہ روڑ پر واقع معروف دینی ادارہ دارالعلوم اشرفیہ دیوبند میں ایک تعزیتی پروگرام کا انقاد کیا گیا جس کی صدارت مولانا سالم اشرف قاسمی نے کی،پروگرام کا آغاز ایک طالب علم کی تلاوتِ کلام اللہ سے ہوا۔ نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے مفتی عبد الکریم نے مولانا مرحوم کی زندگی کا لکھا ہوا آخری کلام پڑھا اور مولانا ولی اللہ ولی قاسمی بستویؒؒ کو دورِ حاضر کی مثالی شخصیات میں سے ایک اہم شخصیت قرار دیا۔
مولانا سالم اشرف قاسمی نے اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے مولانا سے اپنے دیرینہ مراسم، مرحوم کے انداز تربیت، بزرگانہ شفقت ومحبت پر روشنی ڈالتے ہوئے بطورِ خاص مرحوم کے حلم و بردباری، عفو و در گذر، غیبت سے اجتناب اور پابندی وقت جیسے اوصاف کو بہت سے واقعات کے ساتھ اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا ولی اللہ ولی قاسمی بستوی ؒکی رحلت سے زندگی میں جو خلاء پیدا ہوا ہے اس کا پر ہونا مشکل ہے،ان کے سانحہ ارتحال پر دینی مدارس کے علاوہ تمام دینی حلقوں کی فضاء سوگوار ہے اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر عطا فرمائے۔مولانا سالم اشرف قاسمی کی دعاء پر تعزیتی جلسہ اختتام کو پہنچا۔ اس موقع پرجملہ اساتذہ و طلباء کافی تعداد میں موجود تھے۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں