دیوبند،دانیال خان(یواین اے نیوز 23فروری2020)عید گاہ روڑ پر واقع معروف دینی ادارہ دار العلوم فاروقیہ دیوبند میں سالانہ جلسہ دستار بندی کا انعقاد ادارہ کے مہتمم مولانا نور الہدی قاسمی بستوی کی سر پرستی میںکیا گیا جس میں مہمانِ خصوصی کے طور پر معروف بزرگ عالم دین مولانا مکرم حسین سنسار پوری،ڈاکٹر مفضل حسین سنسار پوری اور مفتی عزیر اکرم سنسار پوری نے شرکت کی۔ جلسہ کی صدارت نائب مہتمم دار العلوم دیوبند مولانا عبد الخالق سنبھلی نے کی اور نظامت کے فرائض ادارہ کے نائب مہتمم مولانا رحمت اللہ نور قاسمی نے انجام دئے،پروگرام کا آغازمحمد مکرم گنگوہی کی تلاوت کلام پاک اور محمد شعبان سہارنپوری کی نعت پاک سے ہوا۔ بعد ازاںدارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا عبدالخالق سنبھلی نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہا کہ مسلمانوں کے نقطئہ نظر سے اس وقت ملک کے حالات انتہائی ناسازگار ہیں اس لئے ہمیں نہایت ہوش مندی سے کام لیتے ہوئے ہر خطرہ سے اپنے آپ کو دور رکھ کر اپنے کاموںمیں مشغول رہنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تمام مشغولیات کے باوجود قرآنِ کریم کی تلاوت کو اپنے روز مرہ کا معمول بنا لیں جو ہماری دنیا اور آخرت کی کامیابی کی کنجی ہے انہوں نے تمام فارغین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ نہایت خوش نصیب ہیں کہ یہاں سے آپنے کلامِ پاک کی روشنی اور علمِ دین حاصل کیا۔مولانا مکرم حسین سنسار پوری نے فراغت پانے والے طلبہ کو اپنے پندو نصائح سے نوازتے ہوئے کہا کہ آج وہ یہاں سے فارغ ہورہے ہیں اور اب ان کو عملی میدان میں آگے آنا ہے۔ یقینی طور پر قدم قدم پر طلبہ کے سامنے مشکلات پیش آئیں گی، مگر ان کو رسول اکرم ؐکی طرح ثابت قدم رہنا ہوگا۔ادارہ کے مہتمم مولانا نور الہدی قاسمی بستوی نے قرآن کریم کی عظمت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جن15 طلبا ء کے آج اس اجلاس میں دستار فضیلت باندھی جارہی ہے۔
انشاء اللہ اگر یہ بچے قرآن کریم کے اوپر عمل کرتے ر ہے تو انشاء اللہ جیسے آج اس اجلاس کے موقع پر یہ بچے نمایاں اور ان کی حیثیت اونچی دکھائی دے رہی ہے انشاء اللہ روز محشرت میں یہ بچے اور ان کے اسا تذہ کرام اور والدین اور ان سے محبت کرنے والے بھی بہت ہی عمدگی کے ساتھ جنت کے اندر داخل ہوجائیں گے اور محشر اور اس کی گرمی سے نجات پالیں گے۔ آخر میں مولانا نور الہدی قاسمی نے تمام شرکائے اجلاس اور سامعین اور مہمانان ذی وقار کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور طلبہئ عزیز کے درمیان انعامات بھی تقسیم کئے۔ مولانا مکرم حسین سنسار پوری کی رقت آ میز دعا پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں