دیوبند/دانیال خان(یواین اے نیوز27فروری2020)عظیم دینی درسگا ہ دارالعلوم وقف دیوبند میں آج حسب روایت جلسہ انعامیہ کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے کی، انہوں نے اپنے صدارتی خطاب میںطلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہر دور میںزمانوں کے چیلنجز کے دفاع کے لئے اللہ تعالیٰ افراد تیار کرتے ہیں۔ موجودہ دور کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے اللہ تعالیٰ نے آپ کو منتخب کیاہے۔ آپ ملت کا قابل افتخار سرمایہ ہیں۔ ملت کی نگاہیںآپ پر ٹکی ہیں، آپ اپنے مطالعہ میں تعمق پیدا کریں، فکر میں توسع پیدا کریں اور زمانے کے مسائل کو سمجھیں۔انہوں نے کہا کہ حضرت نانوتوی ؒ کے پیش نظر قیام دارالعلوم کا مقصد ایسے افراد کو تیار کرنا تھا جو مکمل اسلامی تہذیب و ثقافت کے علمبردار ہوں، جو اسلامی علوم کی روشنی میں اپنے اسلام کی بقاء و تحفظ کا فریضہ انجام دیں۔
چنانچہ اسکے نتائج اور اسکی ڈیڑھ سو سالہ حسین تاریخ آپ کے سامنے ہے، اپنے اکابر کی ان حسین تاریخ اور روایات کی روشنی میں ہم غور کریں کہ وہ کون سے امتیازی اوصاف تھے جن کی بنا پر اس ادارے نے آفاقی فکر کے حامل افراد تیارکئے تو معلوم ہوتا ہے کہ وہ ان کا امتیازی وصف فکری اعتدال ہے اور یہی اعتدال علماء دیوبند کا طرہئ امتیاز ہے۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اکابر کے علوم و معارف اور ان کے نکات آفریں مضامین کا مطالعہ کریں اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے اندر اعتدالِ فکر پیدا کریں۔ اسلامی اقدار و روایات کے تحفظ کے لئے ان کی کوششوں کا مطالعہ کرکے مستقبل کے لئے مضبوط لائحہ عمل تیار کرکے میدان عمل میں قدم رکھیں۔ اس موقع پر انہوں نے ناشرینِ کتب کا ان کے گراں قدر تعاون پر شکریہ بھی ادا کریا۔ دارالعلوم وقف دیوبند کے صدر المدرسین و ناظم تعلیمات مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمیشہ اپنے علمی وقار کو پیش نظر رکھیں، علم دین ایک جہد مسلسل جذبہ اصلاح اور ملی و قومی دردمندی سے عبارت ہے۔
علماء انبیاء کے وارث ہیں، نبی کا ترکہ ہر چند کہ علم ہے، لیکن نبی اپنی قوم کی ہمہ جہت ترقی و کامرانی کا طالب اور درپیش خطرات سے آگاہ کرتاہے اور ان کے ازالے کی تدابیر بتاتا ہے۔ آپ امت کے سامنے ایک ایسے مذہبی نمائندے کے طور پر سامنے آئیں جو ہر طرح کی تنگ نظری،جمود اور تشدد سے یکسر پاک ہو۔ آج جب کہ بین الاقوامی میڈیا کے ذریعہ نت نئے مذہبی قضیے چھیڑ کر اسلام کو دقیانوس اور رجعت پسند ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ایسے میں آپ کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے کہ آپ حفاظت اسلام کا بیڑہ اٹھاتے ہوئے میدان عمل میں آئیں۔ انہوںنے دفتر تعلیمات کی سالانہ کارکردگی پر مشتمل تفصیلی رپورٹ پیش کی، جس میں انہوں نے تعلیمی ترقیات اور انضباط کے لئے کی گئی ناگزیر کارکردگیوں اور اہم اقدامات کا تفصیل سے تذکرہ کیا۔
اسی ضمن میں انہوں نے آئندہ تعلیمی سال سے جاری ہونے والے شعبہ تخصص فی الفقہ والافتاء (سال دوم) کے آغاز کا بھی باضابطہ اعلان کیا۔اجلاس کا انعقاد مولانا محمد سفیان قاسمی مہتمم دارالعلوم وقف دیوبندکی صدارت میں کیا گیا، آغاز مولانا قاری محمد واصف کی تلاوت سے ہوا۔ اس موقع پر تمام طلبہ کو بیش قیمتی کتب بطور انعام دی گئیں، جن میں تمام درجات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو خصوصی وامتیازی اور نقدانعام جب کہ سالانہ امتحان میں کامیاب تمام طلبہ کو عمومی انعام سے نوازا گیا۔ ساتھ ہی مولانا محمد سفیان قاسمی مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند کی جانب سے تمام درجات میں پورے سال صد فیصد حاضر باش طلبہ اور تکمیل افتاء وحجۃ الاسلام اکیڈ می میں داخل تمام طلبہ کو خصوصی انعام سے سرفراز کیا گیا۔اس موقع پر ملک میں امن و امان بالخصوص دہلی متأثرین کے لئے دعاء کا بھی اہتمام کیا گیا۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں