جونپور میں ریلوے ٹریک پر لوہے کا ڈرم رکھ کر ٹرین الٹنے کی سازش، دو گرفتار
جون پور (یو این اے نیوز 3مئی 2025)
اتر پردیش میں قانون و انتظام خراب کرنے کے ساتھ ساتھ ماحول کو بھی بگاڑنے کی کوششیں مسلسل جاری ہیں۔ ٹرینوں پر پتھراؤ کے ساتھ ساتھ انہیں الٹنے کی سازشیں بھی بار بار کی جا رہی ہیں۔ اس کے لیے مختلف قسم کی دھاتی اشیاء کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
جونپور: اتر پردیش میں گزشتہ تین ماہ کے دوران لکھنؤ، ہردوئی، سلطان پور اور مراد آباد میں ریلوے ٹریک پر لکڑی کے بڑے ٹکڑے، لوہے کے پائپ اور دروازہ رکھ کر ٹرین الٹنے کی کوششیں کی گئیں۔ تازہ واقعہ وارانسی-لکھنؤ بذریعہ سلطان پور ریل سیکشن پر سرائے ہرکھو اور شری کرشنا نگر (بدلہ پور) اسٹیشنوں کے درمیان کا ہے۔
یہاں بخشا کے اونکا گاؤں کے قریب بدھ کے روز ٹریک پر لوہے کا ڈرم رکھ کر ٹرین الٹنے کی سازش ناکام ہو گئی۔ سازش کاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات میں مصروف بخشا تھانہ اور ریلوے سیکیورٹی فورس (آر پی ایف) کی مشترکہ ٹیم نے جمعہ کو دو نوجوانوں کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کی۔ پوچھ گچھ میں دونوں نے اپنا جرم قبول کر لیا۔
اونکا میں ریلوے پٹری پر لوہے کے ڈرم پر ایک دیہاتی کی نظر پڑ گئی۔ اس نے سرائے ہرکھو کے اسٹیشن ماسٹر اور بخشا تھانے کو اطلاع دی۔ حرکت میں آنے والے ریلوے ملازمین نے ڈرم ہٹا کر بڑا حادثہ ٹال دیا۔
ریلوے ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے ریلوے اور بخشا تھانہ کی پولیس ٹیمیں تحقیقات میں جٹ گئیں۔ بخشا تھانہ کے انچارج وکرم لکشمن سنگھ نے بتایا کہ مشترکہ ٹیم نے تحقیقات کے دوران ملے سراغ کی بنیاد پر اونکا گاؤں کے دو ملزمان افضل علی عرف سونو اور افضل علی کو آج صبح تقریباً 6:30 بجے چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا۔ دونوں اس وقت سو کر اٹھے ہی تھے۔ پوچھ گچھ میں دونوں نے ٹریک پر ڈرم رکھنے کا اپنا جرم قبول کر لیا۔
افضل علی عرف سونو (عمر تقریباً 20 سال)، ولد افسر علی، ساکن گاؤں اونکا، تھانہ بخشا، جونپور اور افضل علی، ولد ریاض علی، ساکن گاؤں اونکا، تھانہ بخشا جونپور کے خلاف ضروری کاغذی کارروائی کے بعد چالان کر دیا گیا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں