جونپور میں غیر قانونی اسپتالوں پر چلے گا بلڈوزر: 25 مئی سے خصوصی مہم، بغیر اجازت نامہ والوں پر درج ہوں گی ایف آئی آر؛ ڈی ایم نے کہا – تین دن میں کرائیں رجسٹریشن
جون پور (یو این اے نیوز 24مئی 2025)
ضلع میں اب غیر قانونی اسپتالوں اور فرضی ڈاکٹروں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ کلکٹریٹ ہال میں منعقدہ صحت محکمہ کی میٹنگ میں ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم) نے سخت رخ اپناتے ہوئے 25 مئی سے خصوصی مہم چلانے کی ہدایت دی۔
ڈی ایم نے تمام میڈیکل آفیسرز انچارج (ایم او آئی سی) کو واضح طور پر کہا کہ جو اسپتال بغیر اجازت نامہ کے چل رہے ہیں، ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔
ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ ضلع کے تمام نجی اسپتال تین دن کے اندر یو پی ہیلتھ کی ویب سائٹ پر اپنا رجسٹریشن لازمی کرائیں۔ یہ اقدام عام شہریوں کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کے مقصد سے اٹھایا گیا ہے۔ میٹنگ میں متعدی امراض کے خلاف مہم کی پیش رفت، موبائل میڈیکل یونٹ اور ایمبولینس کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈی ایم نے تمام کمیونٹی ہیلتھ سینٹرز (سی ایچ سی) اور پرائمری ہیلتھ سینٹرز (پی ایچ سی) میں او آر ایس پیکٹس کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی تاکہ موسمی بیماریوں سے نمٹنے میں کوئی کمی نہ رہے۔
آیوشمان کارڈ ہولڈر سے پیسے مانگنے پر پھنسا نجی اسپتال
سدھارتھ ہسپتال میں ایک مریض سے آیوشمان کارڈ کے باوجود غیر قانونی طور پر فیس وصول کرنے کی شکایت سامنے آئی۔ ضلع مجسٹریٹ کے نوٹس میں آنے کے بعد چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) ڈاکٹر لکشمی سنگھ نے موقع پر جا کر تحقیقات کیں اور مریض کو فوری طور پر مفت علاج فراہم کرایا گیا۔ اب اسپتال کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔
افسران کو تنبیہ – لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی
میٹنگ میں چیف ڈیولپمنٹ آفیسر (سی ڈی او) دھرو کھاڑیا، سی ایم او ڈاکٹر لکشمی سنگھ سمیت ضلع کے تمام طبی افسران موجود تھے۔ ڈی ایم نے صاف کہا کہ صحت خدمات میں لاپرواہی یا بدعنوانی کسی بھی سطح پر برداشت نہیں کی جائے گی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں