تلنگانہ۔(یو این اے نیوز 1ستمبر 2020)وقف بورڈ اور ریونیو ڈپارٹمنٹ کے مساعی سے ملکم چیرو نزد سن شائن ہاسپٹل گچی باؤلی میں 400 سالہ قدیم غیر آباد قطب شاہی مسجد کوآج آباد کیا گیا۔ صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ محمد سلیم نے بورڈ عہدیداروں اور صحافیوں کے ہمراہ اس تاریخی مسجد میں نماز ظہر ادا کی۔
یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ سروے نمبر 82 میں موجود یہ مسجد (قطب شاہی) جملہ 34 گنٹہ اراضی پر محیط ہے۔ کافی طویل عرصہ سے یہ مسجد غیر آباد تھی اور خاردار جھاڑیوں سے چھپی ہوئی تھی۔ حالیہ عرصہ میں مسجد سے متصل ایک روڈ تعمیر کی گئی جس کے بعد وقف بورڈ کو مسجد کا پتہ چلا۔ صدرنشین وقف بورڈ نے مسجد کو دوبارہ آباد کرنے میں خصوصی دلچسپی دکھاتے ہوئے محکمہ پولیس اور ریونیو کے عہدیداروں سے بات چیت کی۔ علاقہ کو صاف کرایا‘ مسجد کی مرمت اور آہک پاشی عمل میں لائی گئی اور آج نماز ظہر سے مسجد دوبارہ آباد ہوگئی۔
صدرنشین وقف بورڈ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ایسی پانچویں غیر آباد مسجد تھی جس کو انہوں نے آباد کیا ہے۔ بعد ازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا مساجد اللہ کا گھر ہیں اور مساجد کو ہمیشہ آباد رکھنا چاہئے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ مساجد کو آباد کرنے کے ساتھ ساتھ وقف اراضیات کے تحفظ کو ترجیح دی جائے گی۔
اس موقع پر سی ای او وقف بورڈ محمد قاسم‘ او ایس ڈی محمد الیاس‘ محمد اسد اللہ‘ صحافتی برادری اور مقامی عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ منصف
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں