نئی دہلی(یواین اے نیوز 16مئی2020)سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) کے قومی جنرل سکریٹری محمد شفیع نے اپنے اخباری بیان میں ریاست اترپردیش کے دارلحکومت کے سے تقریبا200کلومیٹر کے فاصلے پر واقع اوریا ضلع میں سڑک حادثے میں 24مہاجر مزدوروں کی اموات کو حکومت کی بے حسی اور لاپرواہی کی وجہ سے ہوا قتل عام قرارد یا ہے۔ محمد شفیع نے مزید کہا ہے کہ اس طرح کے معاملات میں مجرموں کو قانون کے سامنے نہیں لایا جاتا ہے کیونکہ وہ اعلی سرکاری عہدوں پر قابض ہیں۔ یہ حادثہ مودی حکومت کے غیر منصوبہ بند لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہوا ہے۔ معاشرے کے غریب ترین مہاجر مزدور حکمرانوں کے ذریعے اس طرح کے حادثات کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔ وہ گرمی ، بھوک ، پیاس اور تھکن کے باوجود ہزاروں کلو میٹر دور اپنے گھروں کی طرف چل ر ہے ہیں۔
مزدوروں کے گھروں تک پہنچنے کیلئے مناسب انتظامات کئے بغیر لاک ڈاؤن کے اعلان نے انہیں پیدل چلنے پر مجبور کردیا اور وہ سڑکوں اور ریلوے پٹریوں پر جان بحق ہورہے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ مرکز اور کچھ ریاستوں میں غیر سنجیدہ حکومتیں ان غریب لوگوں کی موت سے لطف اندوز ہورہی ہیں۔ کوویڈ ۔19نے ہندوتوا کی منافقت کو پوری طرح سے بے نقاب کردیا ہے ۔ جبکہ غیر بی جے پی ریاستی حکومتیں ، این جی اوزاور رضا کار تنظیمیں ان مزدوروں کی مدد کرنے میں پیش پیش ہیں ، بی جے پی کی حکومتیں ان لوگوں کی مدد کرنے والوں کو قصور وار ٹہرارہی ہے۔ اترپردیش حکومت نے ان مزدوروں کو کھانا اور رہائش فراہم کرنا جرم قرار دے دیا ہے۔
ایس ڈی پی آئی قومی جنرل سکریٹر ی محمد شفیع نے مزید کہا ہے کہ مہاجر مزدوروں کا یہ بحران بھارت کے کورونا وائرس لاک ڈاؤن کیلئے شرم کی بات بن گیا ہے ۔ اب تک اس لاک ڈاؤن میں 300سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن کی اموات کا تعلق کورونا وائرس سے بالکل بھی نہیں ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ مہاجر مزدوروں کو مناسب آمد ورفت کی فراہمی کیلئے موثراقدامات کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ وہ اپنے گھر محفوظ طور پر پہنچ سکیں۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں