نئی دہلی(یواین اے نیوز 13مارچ2020)سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آ ف انڈیا (ایس ڈی پی آئی ) دہلی فسادات میں ملوث ہونے کے الزام میں اور سی اے اے کے خلاف ہورہے مظاہروں کی حمایت کرنے پر پاپولرفرنٹ آ ف انڈیا کے دہلی لیڈران اور ممبران کی گرفتاری کی سخت مذمت کرتی ہے۔اس ضمن میں اپنے جاری کردہ ایک اخباری بیان میں ایس ڈی پی آئی قومی سکریٹری ڈاکٹر تسلیم احمد رحمانی نے دہلی ریاستی پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے صدر پرویز اور سکریٹری الیاس اور دیگر کو گرفتار کرنے پر دہلی پولیس اسپیشل برانچ پر شدید تنقید کی ہے۔ ڈاکٹر تسلیم احمد رحمانی نے مزید کہا کہ پاپولرفرنٹ کو جو نشانہ بنایا جارہا ہے وہ فرقہ وارانہ منافرت کی نتیجے میں پیدا ہونے والے سیاسی انتقام کے سوا کچھ نہیں ہے۔ لہذا تمام صحیح سوچ رکھنے والے شہریوں اور گروپوں کو اس کی مذمت کرنی چاہئے۔ دہلی فسادات کے اصل مجرمین کے خلاف جہاں ابھی تک ایک ایف آئی آر بھی درج نہیں کی گئی ہے۔
وہیں دہلی پولیس بے قصور لوگوںکو مختلف الزامات میں گرفتار کررہی ہے۔ مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر رکن پارلیمان پرویش ورما اور کپل مشرا کے بیانات سے پورا ملک واقف ہے جن میں کھلے عام لوگوں کو گولی مارنے اور قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی دھمکی دی گئی تھی مگر ان میں سے کسی کے خلاف بھی با ر بار مطالبے کے باوجود بھی نہ صرف یہ کہ کوئی کارروائی نہیں کی گئی بلکہ ان کی سیکورٹی میں اضافہ کردیا گیا۔ڈاکٹر تسلیم احمد رحمانی نے دہلی فسادات کے مباحثوں پر لوک سبھا میں مرکزی وزیر داخلہ کے جواب پر تنقید کی جہاں انہوں نے اپنے کابینہ کے ساتھی انوراگ ٹھاکر، پارٹی رکن پارلیمان پرویش ورما اور دہلی بی جے پی رہنما کپل مشر ا کا نام تک نہیں لیا جن کی اشتعال انگیز بیانات سوشیل میڈیا میں گردش کررہی ہیں۔ اس کے بجائے مرکزی وزیر داخلہ نے سی اے اے مخالف مظاہروں میں حصہ لینے والی صف اول کی سول سوسائٹی تنظیموں کو مورد الزام ٹہرانے کو ترجیح دی۔
ایس ڈی پی آئی قومی سکریٹری نے کہا کہ حکومت کی کسی بھی پالیسی یا قانون کی مخالفت اور احتجاج کرناتمام شہریوں کا جمہوری حقوق ہے اور اسے ملک دشمن سرگرمی قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔ پرامن احتجاج کیلئے لوگوں کی گرفتاری موجودہ حکومت کے فاشسٹ رویہ کا واضح اشارہ ہے۔ انہوں نے لوگوں کے حقوق کو دبانے کیلئے پولیس کا غلط استعمال کرنے والی مرکزی حکومت کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے پارٹی کے مطالبے کا اعادہ کیا کہ اصل مجرموں کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ایک سٹنگ جج کے ذریعہ دہلی فسادات کی عدالتی تحقیقات کی جائے۔ایس ڈی پی آئی نے متعدد جھوٹے الزامات کے تحت دہلی پولیس کے ذریعے حراست میں لئے گئے یا گرفتار کئے گئے پاپولر فرنٹ کارکنوں اور دیگر بے گناہ افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیاہے۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں