تازہ ترین

جمعہ، 13 مارچ، 2020

مدھیہ پردیش میں اقتدار حاصل کرنے کیلئے بی جے پی سر عام بدعنوانی میں ملوث۔ ایس ڈی پی آئی

نئی دہلی(یواین اے نیوز 13مارچ2020)سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا ( ایس ڈی پی آئی )نے مدھیہ پردیش میں ہورہے سیاسی ڈرامہ پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے جہاں بی جے پی نے مبینہ طور پر کانگریس کو اقتدار سے بے دخل کرکے پچھلے دروازے سے اقتدار پر قبضہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ اروناچل پردیش، گوااور کرناٹک کے بعد اب مدھیہ پردیش میں اراکین اسمبلی کو بھاری رقم دیکر دن دہاڑے خرید و فروخت کرکے بی جے پی اقتدار حاصل کرنا چاہتی ہے۔ اس ضمن میں اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں ایس ڈی پی آئی قومی جنرل سکریٹری عبدالمجید نے کہا ہے کہ بنگلور میں ڈیڑھ درجن سے زیادہ کانگریس ممبران کوبی جے پی یرغمال بنائے ہوئے ہے جو جیوتیرادتیا سندیاکے حامی ہیں۔ جس سے بی جے پی کی اقتدار کی ہوس کی عکاسی ہوتی ہے۔ ان ممبران میں چھ وزراء بھی شامل ہیں جنہوں نے مبینہ طور پر مدھیہ پردیش اسمبلی رکنیت سے استعفی دے دیا ہے۔ عبدالمجید نے کہا کہ جیوتیرا سندیا نے ڈرامائی انداز میں پارٹی چھوڑ دی تاکہ ریاست میں بی جے پی حکومت تشکیل پاسکے۔

 انہوں نے بی جے پی سے ہاتھ ملانے والے سندیا کے ساکھ پر سوال اٹھایا، وہ ایک شاہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جو تاریخ میں دھوکہ دینے کے کیلئے جانی جاتی ہے۔ ان کے آبا ؤ اجداد جیا جی راؤ سندیا نے اقتدار کی خاطر مہارانی لکشمی بائی کو پناہ دینے سے انکار کردیا تھا اور ہمیشہ انگریزوں کے وفادار رہے۔ ایس ڈی پی آئی قومی جنر ل سکریٹری عبدالمجید نے مزید کہا کہ مرکزی بی جے پی حکومت بہت سارے حقیقی مسائل کا سامنا کرنے کے بجائے ریاستوں میں غیر بی جے پی حکومتوں کو گرانے کیلئے اپنی تمام تر توانائی، وقت اور وسائل خرچ کررہی ہے۔ بی جے پی نے بدعنوانی سے پاک حکومت کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ اقتدار کے حصول کیلئے نوٹ منسوخی جیسے غلط راستوں سے کمائی رقم کا استعمال کرکے سر عام بدعنوانی میں ملوث ہے اور اب وہ سب سے بڑی بدعنوان حکومت بن چکی ہے۔ پہلے کرناٹک اور اب مدھیہ پردیش میں منتخب حکومتوں کو ختم کرنے کیلئے ان کے پاس اتنی بڑی رقم کہاں سے آسکتی ہے؟۔عبدالمجیدنے کہا کہ خالی نشستوں کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں مدھیہ پردیش کے رائے دہندگان ہی اس طرح پچھلے دروازے سے اقتدار حاصل کرنے کے سیاسی وائرس کا خاتمہ کریں گے۔ 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad