دیوبند:دانیال خان(یواین اے نیوز11مارچ2020)دارالعلوم وقف دیوبند کے مایہ ناز، مؤقر و قدیم استاذ مولانا غلام نبی قاسمی کشمیریؒ ایک عظیم علمی و تحقیقی شخصیت تھے جن کے علمی فیوض سے ایک عالم نے استفادہ کیا اور ان کا یہ فیض ان کے شاگردوں، اور ان کی تحریروں کے ذریعہ ہمیشہ جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے مولانا غلام نبی قاسمی سابق استاذ حدیث دارالعلوم وقف دیوبند کی حیات و خدمات پر مشتمل مجموعہئ مقالات بنام ''تذکرہئ حضرت مولانا غلام نبی قاسمی'' کی رسم اجراء کے موقع پر کیا، انھوں نے کہا کہ مولانا مرحوم کی شخصیت ایک علمی شخصیت تھی ان کا مزاج تحقیقی تھا، نکتہ آفرینی ان کا ایک خاص امتیاز تھا، ایک طرف جہاں ان کا درس طلبہ میں مقبول تھا۔
وہیں دوسری جانب ان کی تقریر و تحریر سے ایک عالم مستفید ہوتا تھا، مولانا کی رحلت جہاں دارالعلوم وقف دیوبند کے لئے ایک عظیم خسارہ ہے وہیں علمی دنیا کے لئے بھی ایک بڑا نقصان ہے۔ انھوں نے کتاب کے مرتبین مولانا محمد شمشاد رحمانی اور مولانا محمد سکندر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی مختصر وقت میں اس مفصل مجموعہ کی اشاعت مولانا مرحوم سے آپ حضرات کے مبنی بر خلوص تعلق ان سے والہانہ و عقیدت مندانہ لگاؤ کے ساتھ حق شاگردی ادا کرتے ہوئے اسلاف کی میراث کو اخلاف تک پہونچانے کا ایک متوارت عمل اور مستقبل کے لئے ٹھوس لائحہ عمل کی تیاری کے لئے نشان راہ بلکہ مشعل راہ ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مولانا مرحوم کی حیات کے تمام گوشوں کا احاطہ کرتے ہوئے نامور اہلِ قلم کی کاوشوں کو جس منفرد انداز میں مرتب کیا گیا ہے وہ یقینا مثالی ہے۔ حق تعالیٰ مرحوم کی مغفرت کاملہ فرمائے اور ان کی تمام خدمات کو ان کے لئے ذخیرہئ آخرت بنائے۔ اس موقع پرمولانا مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کا بھی اہتمام کیا گیا، اس دوران مولانا محمد سفیان قاسمی کے علاوہ نائب مہتمم مولانا شکیب قاسمی، مولانا نسیم اختر شاہ، مولانا شمشاد رحمانی، مولانا سکندر، مولانا محمد نوشاد نوری، مفتی امانت علی اور مولانا محمد اظہار الحق وغیرہ بطور خاص موجود رہے۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں