غریبوں کی امداد کیلئے مرکزی صدر غیاث احمد رشادی کی دردمندانہ اپیل
حیدرآباد (یواین اے نیوز 29مارچ2020) کرونا وائرس نامی وبائی مرض نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ایک ہفتہ سے زائد عرصہ سے ہمارا ملک لاک ڈاؤن کے مراحل سے گزر رہا ہے۔ اس اچانک اعلان کی وجہ سے مزدور طبقہ اور روزمرہ کماکر کھانے والے افراد نے ایسے تشویشناک حالات کے لئے کچھ اکٹھا نہیں رکھا تھا۔ ان دنوں کیاب چلانے والے، آٹو چلانے والے، پھل پھلاریاں اور ترکاریاں بیچنے والے، روزمرہ مزدوری کرکے یومیہ اجرت حاصل کرنے والے اور ایسے خاندان جن کا کوئی پرسان حال نہیں یقینا اس وقت مستحق ہیں کہ ہم ان کے دکھ درد کو سمجھیں۔ سلم علاقوں کے ایسے لوگ فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ شمالی ریاستوں سے آئے ہوئے ایسے افراد جو ہوٹلوں، دوکانوں یا کار خانوں میں کام کررہے تھے اچانک لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ بے سہارا ہوچکے ہیں۔ یہ قرآنی تعلیمات کی روشنی میں ابنِ سبیل کہلاتے ہیں۔ ایسے پریشان حال مسافروں کی حالتِ زار پر بھی غور و فکر کرنا چاہئے اور ان کی مدد کیلئے ہم تمام اوسط طبقہ اور اعلیٰ طبقہ کے مالداروں کو آگے آنا چاہئے۔
ان خیالات کا اظہار مولانا غیاث احمد رشادی صدر صفا بیت المال انڈیا نے کیا اور اہلِ ثروت اوراہلِ خیر حضرات سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ اس وقت کی گمبھیرصورت حال پر توجہ دیں۔ اپنے اپنے بدحال پڑوسیوں کی نقد رقم یا راشن کے ذریعہ مدد کریں۔ بیواؤں، یتیموں اور محتاجوں کی ہر طرح مدد کریں۔ بیرونی ریاستوں سے روزگار کے حصول کے لئے آئے ہوئے ان مسافروں کا خیال رکھیں۔ لاک ڈاؤن، کرفیو اور 144 کے دفعات کا لحاظ رکھتے ہوئے ایسی مناسب صورتیں اختیار کریں اور ان مفلوک الحال بیچاروں کی مدد کریں۔ یہ وقت انسانیت کی بنیاد پر ہمدردی کا ہے۔ مسلمانوں کو مذہب کی بنیاد پر نہیں بلکہ انسانیت کی بنیاد پر امداد کی تعلیم دی گئی ہے۔ اس لئے اپنے پڑوسی غیر مسلم غریبوں کی بھی امداد کریں۔ جن مالداروں کو اللہ تعالیٰ نے دولت دی ہے وہ اس لئے بھی دی ہے کہ مصیبت کے ایسے دنوں میں ان کی امداد کی جائے۔ جو مالکِ مکان ہیں جن کے پاس ضرورت سے زائد مال موجود ہے وہ اپنے غریب کرایہ داروں کے دو تین ماہ کا کرایہ معاف کردیں یا ان کو کچھ مہلت دیں۔ یہ وقت نرم دلی اور رحم دلی کا ہے۔ مولانا غیاث احمد رشادی نے اپنے صحافتی بیان میں یہ بھی کہا کہ اب وقت زمین والوں پر خصوصی طورپر رحمدلی کرنے کا ہے۔
اگر ہم زمین والوں پر رحم کریں گے تو آسمان والا ہم پر رحم کرے گا۔ صفا بیت المال انڈیا نے ہندوستان بھر میں موجود اپنی شاخوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقہ کے مجبور و بے بس افراد کی انسانیت کی بنیاد پر امداد کریں۔ مرکزی صفا بیت المال حیدرآباد مختلف سلم علاقوں کے مستحق افراد تک گھر گھر پہنچ کر راشن تقسیم کررہا ہے۔ اس وقت صفا بیت المال کے عملہ کے افراد اور مختلف محلہ جات کے نمائندے اس کام میں لگے ہوئے ہیں۔ راشن کی پیکنگ اور تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ جو حضرات اس مد میں امداد کرنا چاہتے ہوں وہ بینک اکاؤنٹ Safa Baitul Maal Religious and Welfare Trust. A/c No. 9512124617, IFSC: KKBK0007446. Bank: Kotak Mahindra Bank, Malakpet Branch. UPI: sbmtrust@kotak پر اپنی رقم ارسال کریں۔ تفصیلات کے لئے سیل نمبرات 040-24551314, 9394419820, 9394419821 پر ربط کریں۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں