دیوبند/دانیال خان(یواین اے نیوز 29فروری2020)کل ہند رابطہ مدارس نسواں دارالعلوم نسواں سے ملحق تعلیم نسواں کی معروف درسگاہ جامعہ رقیہ میں گذشتہ روزتعلیمی سال کے اختتام پر ایک پر وقار تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔جس کی صدارت ادارے کے ناظم مولانا محمد نسیم قاسمی نے کی۔پروگرام کے مہمان خصوصی دارالعلوم نسواں دیوبند کے ناظم عمومی مولانا نظیف احمد قاسمی ازہری نے تعلیم کے حصول کو موجودہ وقت کے تناظرمیں ضروری قرار دیتے ہوئے کہا مسلم معاشرہ موجودہ حالات میں جن ناگفتہ بہ برائیوں میں مبتلا ہے ان کا خاتمہ محض تعلیم کے فروغ سے ممکن ہے، دینی وعصری تعلیم میں امتیازکرنے والوں کو چاہئے کہ اپنا ظالمانہ رویہ تبدیل کریں اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں۔علم کو دینی اور عصری خانوں میں تقسیم کرنے سے ماضی میں ہم نے جو ناقابل تلافی نقصان اٹھایا ہے،اس کی تلافی نہ صرف ناگزیر ہے بلکہ وقت کااولیں تقاضہ ہے۔انہوں نے مزید کہا اگر ہماری مائیں اور بہنیں اسلامی تعلیمات سے واقف ہوں اور اپنے مسائل مفتیان کرام سے شرعی طورپر حل کرائیںتو سوال ہی نہیں پیدا ہوتا کہ کوئی ہماری شریعت میں مداخلت کی جرأت کر سکے۔
مولانا نے مزید کہا کہ معاشرہ میں حسن سلوک اور صلہ رحمی کے ماحول کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔یہی ہماری اسلامی تعلیمات کا تقاضہ ہے۔صدر جلسہ مولانا محمدنسیم قاسمی نے اپنے صدارتی بیان میں تعلیم نسواں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام نے مرد وعورت دونوں کے لئے حصول علم کو فریضہ قراد یا ہے، اگر ہم اسلام کے پیغام تعلیم کو مشعل راہ بنالیں تو دنیا کی کوئی طاقت مسلمانوں کو عروج حاصل کرنے سے نہیں روک سکتی،انہو ں نے کہا کہ ایک لڑکی کا تعلیم یافتہ ہونا ایک خاندان کے تعلیم یافتہ ہونے کی ضمانت ہے،اس لئے والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی بچیوں کو بھی وہ تعلیم دیں جو اپنے بچوں کو دیتے ہیں۔کیوں کہ اسلام دونوں کیلئے تعلیم کو ضروری قرار دیتاہے۔قبل ازیں جامعہ رقیہ کی ہونہار طالبات نے مختلف تقریری اور مکالماتی پروگراموں کے ذریعہ سامعین کی داد وتحسین حاصل کی۔
اس موقع پر پروگرام پیش کرنے والی طالبات میںعاتکہ معاویہ،عائشہ معاویہ،رحیمہ عمران،حمیری ساجد،رحمت نور،شبانہ رفیق،شمائلہ اکبر،عافیہ شمیم،لائبہ افتخار،فرحانہ رسول احمد،مہک فرقان الویرہ شہزاد،علمہ توقیر،سارہ نسیم،ثانیہ سرفراز، رانی شریف احمد،اقراء عمران صوفیہ ارشاد،پروین نوشاد،خوشی شاہنوازوغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔پروگرام کا آغازخوش نصیب رسول احمد کی قرأت اورسلطانہ کی نعت پاک سے ہوا، نظامت کے فرائض زہرہ نسیم نے انجام دئیے۔ مولانامحمد نسیم قاسمی کی دعاء پر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔آخر میں جامعہ رقیہ کی پر نسپل رابعہ تبسم نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں