تازہ ترین

بدھ، 26 فروری، 2020

دہلی فسادات؛ سنگھ پریوار نے منصوبہ بند طریقے سے دیا انجام، پولیس کی رہی حمایت: پاپولر فرنٹ

نئی دہلی (یواین اے نیوز26فروری2020) پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے جنرل سکریٹری انیس احمد نے کہا کہ قومی راجدھانی میں ہوا تشدد یکبارگی نہیں ہوا، بلکہ اسے سنگھ پریوار نے منصوبہ بند طریقے سے انجام دیا ہے، جس میں پولیس کی حمایت بھی رہی۔ پاپولر فرنٹ کے جنرل سکریٹری نے کئی جانوں اور مال و اسباب کے بھاری نقصان پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔یہ شدید تکلیف کی بات ہے کہ شمال مشرقی دہلی میں بھڑکے تشدد میں اب تک تقریباً 20 لوگوں کی جان جا چکی ہے، 150 لوگ زخمی ہوئے ہیں اور کروڑوں کی املاک تباہ و برباد ہو چکی ہے۔

 یہ تشدد کسی غیرمتوقع واردات کی وجہ سے نہیں بھڑکا، بلکہ اسے سنگھ پریوار کے غنڈوں نے منصوبہ بند طریقے سے انجام دیا ہے۔ سی اے اے اور این آر سی کے خلاف راجدھانی دہلی میں پچھلے تین مہینوں سے پُرامن و جمہوری طریقوں سے مظاہرے چل رہے ہیں۔ لیکن کہیں بھی کسی کے اوپر ایک پتھر بھی نہیں پھینکا گیا، کسی کے خلاف نفرت یا تشدد کا ایک لفظ بھی نہیں سنا گیا۔ وہیں شروع سے ہی، سنگھ پریوار کے لیڈر اور جماعتیں شاہین باغ اور شہر کے دوسرے علاقوں میں ہو رہے مظاہروں میں شرکت کرنے والی خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد کے لئے کھلے عام لوگوں کو بھڑکاتے رہے ہیں۔ متعدد بار ان پر حملوں کی کوششیں بھی کی گئی، جبکہ پولیس وہاں کھڑی خاموش تماشائی بنی رہی۔ 

یہاں بھی بی جے پی لیڈر کپل مشرا نے جعفرآباد میں ہو رہے پرامن مظاہرے کے خلاف بھڑکاؤ بیان دیا، جس کی وجہ سے منصوبہ بند تشدد کا کھیل کھیلا گیا۔ ایسے ثبوت اور ویڈیو گردش کر رہے ہیں کہ بندوقوں، تلواروں اور لوہے کے سریوں سے لیس لوگ، لاچار اور بے یارومددگار لوگوں کو قتل کر رہے ہیں، بے رحمی سے پیٹ رہے ہیں اور لوٹ مار کر رہے ہیں، جبکہ لوگوں کو تحفظ دینے کی پابند پولیس نہ صرف حملہ آوروں کی مدد کر رہی ہے بلکہ ان کے ساتھ وہ بھی شامل ہو گئی ہے۔ دریں اثناء، راجدھانی دہلی میں مسلمانوں کے خلاف چل رہی قتل و غارت گری پر سیکولر پارٹیوں کی خاموشی انتہائی مایوس کن ہے۔

پاپولر فرنٹ لوگوں اور رضاکار جماعتوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں راحت و بچاؤ کے لئے زیادہ سے زیادہ کام کریں۔ ساتھ ہی پاپولر فرنٹ تمام سیاسی وملّی قائدین سے بھی اپیل کرتی ہے کہ وہ حالات کو معمول پر لانے اور تشدد کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لئے ضروری اقدامات کریں۔ ہم بی جے پی لیڈر کپل مشرا کو فوری طور پر گرفتار کرنے اور سپریم کورٹ کے موجودہ جج کی قیادت میں ایک ٹیم کے ذریعہ تشدد کی عدالتی تفتیش کا مطالبہ کرتے ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad