"میرے پیارے وطن تو سلامت رہے،
باغبان چمن تو سلامت رہے"
محمد پور اعظم گڑھ،صابراسماعیل احیائی(یو این اے نیوز 27 جنوری 2020) آج مشرقی اترپردیش کے مشہور و معروف تعلیمی و تربیتی ادارہ خالد بن ولید پبلک اسکول میں جشن یوم جمہوریہ کی تقریب نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منعقد کی گئی۔ مہمان خصوصی حاجی شکیل احمد صاحب، سید وسیم احمد بی ڈی سی،ڈائریکٹر جناب شفیع الدین صاحب،پرنسپل ماسٹر عدیل صاحب نے اسکول کے ٹیچرس،معززین علاقہ،اسکول کے بہی خواہوں اور بچوں کی موجودگی میں رسم پرچم کشائی انجام دی۔طلباءو طالبات نے یوم جمہوریہ کی مناسبت سے حب الوطنی پر مبنی پروگرام پیش کرکے سامعین سے خوب داد تحسین وصول کی۔درجہ ہشتم کے طالبعلم ابوشحمہ (کوٹلہ) کی تلاوت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا، بعدہ عبدالرحیم درجہ ہشتم نے بارگاہ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کی، محمد شایان درجہ ششم (محمد پور )اوران کے ساتھیوں نے " میرے پیارے وطن تو سلامت رہے،باغبان چمن تو سلامت رہے۔
نظم پڑھا،جسے سامعین نے خوب سراہا۔ درجہ پنجم کے طالبعلم محمد عثمان (مظفر پور) آئیں ہند کی شان میں ایک نہایت ہی عمدہ نظم پیش کی ۔ترانہ ہندی” سارے جہاں سے اچھا، ہندوستاں ہمارا“ کو محمد امان درجہ دوم(بندرا بازار) محمد رافع درجہ سوم نوادوی،محمد عمر درجہ پنجم اور درجہ ششم کے طالبعلم محمد شایان (محمد پور) وغیرہ نے مترنم آواز میں پیش کی۔عبد الرحمٰن درجہ دہم انگریزی زبان میں یوم جمہوریہ کی تاریخ پر مبنی تقریر پیش کی، کلاس نہم کے طالبعلم محمد مدرب نظامت کی فرائض بحسن وخوبی انجام دیا۔اس موقع پر اسکول کے طلباءو طالبات،اور تمام مجمع سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی حاجی شکیل احمد صاحب نے اسکول کے بچوں اور تمام دیش واسیوں کو یوم جمہوریہ کی مبارک باد پیش کی،انہوں نے بچوں کے پیش کردہ حب الوطنی پر مبنی پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں نے اپنے نوع بہ نوع پرکشش پروگراموں کے ذریعہ تمام دیش واسیوں کو نہایت قیمتی پیغام دیا ہے۔ انہوں نے اساتذہ اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تقریب جشن یوم جمہوریہ میں شریک ہوکر یہ اندازہ ہوا کہ اس چمن کو سینچنے کا کام بہت محنت اور لگن کے ساتھ ہورہا ہے۔ انہوں نے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ ان بچوں کی تعلیم و تربیت کے ذریعہ مستقبل کے رجال کار اور ملک کے معمار تیار کرنے کا کام کررہے ہیں۔
انگریزی کے سینئر ٹیچر مولانا محمد طارق صاحب قاسمی نے دستور ہند کی تمہید انگریزی اور اردو زبان میں پڑھنے کے بعد ملک کے سیکولر آئین کی افادیت پر بولتے ہوئے کہا کہ ہمارا آئین بابا صاحب بھیم راو امبیڈکر کی سربراہی میں مرتب ہوا۔ دانشوروان نے آئین کو عدل و انصاف، مساوات اور دیش کو بام عروج پر پہنچانے اور سارے ہندوستانیوں کو حقیقی ثمرات سے مستفید کرنے والا دستور اسی تاریخی دن کے اندر عطا کیا۔ آج کا دن جو ہمیں ملا ہے، وہ ہمارے بزرگوں اور مجاہدین آزای کی بے لوث محنت وقربانی کا نتیجہ ہے ،آئین ساز کے ذریعہ ہمیں ایک ایسا جمہوری نظام دیاگیاہے جوملک میں بسنے والے ہرایک شخص کو اس کے مذہب ، طور طریقہ اور رسم ورواج کو بغیر کسی بھیدبھاؤکے اپنانے کی پوری پوری آزادی دیتاہے۔ ہم میں سے ہر ایک شخص آج کے دن کو یادکرکے اپنے آپ سے یہ وعدہ کرتا ہے کہ کسی طور ہم اپنے اس عظیم دستوراورآئین پر آنچ نہیں آنے دیںگے۔
اس کی حرمت کی پوری پوری حفاظت کریںگے ،ہمارے بزرگوں نے بڑی محنت اور لگن سے اس ملک کی گنگاجمنی تہذیب اورجمہوری کردارکا تحفظ کیا ہے،انہوں نے آئین ہند کو پڑھنے اور سمجھنے پر بھی زوردیا۔مہمان خصوصی کےہاتھوں 2019-20 کا بیسٹ اسٹوڈنٹ ایوارڈ درجہ دہم کے طالبعلم محمد کیف ولد حافظ وسیم احمد صاحب (محمد پور) کو تفویض کیا گیا۔جشن یوم جمہوریہ میں شرکت کرنے والوں میں حاجی انصار صاحب، جناب شہباز صاحب، جناب راشد صاحب، جناب ابصار صاحب، اسکول کے اساتذہ مولانا ابوذر صاحب قاسمی،حافظ القاری عبد اللہ صاحب، حافظ القاری سلمان صاحب، حافظ القاری سرفراز احمد صاحب، حافظ محمد احمدصاحب حافظ عبیداللہ صاحب، احتشام سر،اندریس سر اورگنیش سر وغیرہ کے نام خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔اخیر میں نائب پرنسپل ماسٹر شمس الاسلام صاحب نے ناصحانہ کلمات کے بعد مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔حافظ نسیم صاحب کی دعاپر پروگرام کا اختتام ہوا۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں