تازہ ترین

جمعرات، 30 نومبر، 2017

شجرکاری انسانیت کی بہترین خدمت ہے: مولانا اسامہ قاسمی


شجرکاری انسانیت کی بہترین خدمت ہے: مولانا اسامہ قاسمی
کانپور(یواین اےنیوز30نومبر2017)29اکتوبر کو سرزمین دہلی میں ہونے والے جمعیۃ علماء ہندکے قومی ایکتا سمیلن کے اعلامیہ کے مطابق ہرے درختوں ، پودوں کی حفاظت اور زیادہ سے زیادہ درختوں کو لگا کر انسانیت اور ہر ذی روح کو فائدہ پہنچانے کے لئے آج صوبہ کے صنعتی شہر کانپور سے جمعیۃ علماء اترپردیش کے صدر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی نے شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔مولانا اسامہ قاسمی نے اس موقع پر کہا کہ شجرکاری کے فوائد سے سبھی واقف ہیں آج پوری دنیا میں درختوں کے کم ہونے پر تشویش پائی جارہی ہے شجر جہاں انسانی ضرورتوں میں کام آتا ہے وہیں انسانی زندگی وماحولیات کے لئے بہت ہی اہمیت کا حامل ہے۔اسلام نے بہت پہلے ہی انسانوں کو خبر دار کردیا تھا کہ سایہ دار وپھلدار درختوں کو نہ کاٹا جائے ، بہت سارے لوگ شجرکاری کرتے ہیں شجر کاری کے لئے اسلام نے ترغیب دی ہے اس عمل کو صدقہ جاریہ بتایا گیا ہے کہ اس کے ذریعہ ماحولیات کے تحفظ کے علاوہ جو بھی فائدہ اٹھائے گا چرند پرند جو بھی پھل کھائیں گے ، مسافر اس کے سایہ میں آرام کریں گے اس کا ثواب درخت لگانے والے کو ملتا رہے گا۔ آج شجرکاری کی مہم پورے اترپردیش کے لئے شروع کی گئی ہے اس کے تحت پورے صوبہ میں شجر کاری کی جائے گی یہ ماہ مبارک ربیع الاول ہے اس ماہ میں رحمۃ اللعالمین خاتم النبیین حضرت محمد عربی صلی اللہ سلم کی ولادت با سعادت ہوئی ہے ۔ آپؐ سراپا رحمت ہیں آپ کی تعلیمات سراپا رحمت ہے ، آج کے دور میں حفظان صحت وماحولیاتی کے تحفظ کے لئے شجرکاری ضروری ہوگئی اگر درخت لگائیں گے تو یہ پوری انسانیت ہی نہیں بلکہ تمام ذی روح کو اس سے فائدہ پہنچے گا۔ریاستی صدر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی نے جمعیۃ علماء اترپردیش کے تمام ذمہ داروارکان اور تمام باشندگان صوبہ مسلم وبرادران وطن سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم کو آگے بڑھاکر کامیاب بنائیں اور کم از کم ہر انسان اپنی جانب سے ایک پودا ضرور لگائے ۔ اس طرح سے ہزاروں لاکھوں پودے لگ جائیں گے یہ انسانیت کی بہترین خدمت ہوگی۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء شہر کانپور کے نائب صدر مولانا محمد نورالدین احمد قاسمی، سکریٹری مولانا محمد اکرم جامعی، سکریٹری عبدالمعید چودھری، مفتی محمد عثمان قاسمی، مفتی اسعد الدین قاسمی، مفتی محمد دانش قاسمی، مولانا فریدالدین عطار قاسمی ،مفتی اظہار مکرم قاسمی ودیگر عہدیداران جمعیۃ وعلماء کرام موجود تھے۔ 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad