سرائے میر گیس سلنڈر حادثہ: زخمی مولانا مفتی احمد صاحب کا انتقال،جنازے میں ہزاروں افراد کی شرکت
اعظم گڑھ ۔یاسر اختر (یو این اے نیوز 6جولائی 2025) حال ہی میں پیش آنے والے دردناک گیس سلنڈر حادثے میں شدید طور پر زخمی ہونے والے مولانا مفتی احمد صاحب کا لکھنؤ میں اج صبح علاج کے دوران انتقال ہوگیا۔ (إنا لله وإنا إليه راجعون)
مولانا مفتی احمد صاحب، مدرسہ عربیہ بیت العلوم سرائے میر کے سابق صدر مفتی، مفتی سجاد صاحب رحمة الله عليه کے پوتے تھے۔ ان کا جنازہ سرائے میر کے اسی مدرسے میں ادا کیا گیا، اور انہیں اپنے دادا کی قبر کے پہلو میں سپردِ خاک کیا گیا۔
مولانا ایک صاف گو، ملنسار اور امت کا درد رکھنے والے انسان تھے۔ ان کے اندر معاشرے کی بھلائی کا سچا جذبہ تھا۔ حادثے کے وقت بھی انہوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر گھر میں موجود لوگوں کو بچانے کی کوشش کی اور بالآخر اسی جدوجہد میں شہادت پائی۔ ان کے بھائی مفتی محمد یوسف صاحب نماز جنازہ پڑھانے سے قبل نہایت مختصر مگر دل کو چھو لینے والا بیان دیا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اگر کسی کا مفتی احمد صاحب سے کوئی لین دین باقی ہو، تو وہ ان کے چھوٹے بھائی حافظ محمود صاحب سے رابطہ کریں، جنہیں اس کام کا ذمہ دار بنایا گیا ہے۔
جنازے میں شریک ہونے والوں سے انہوں نے درخواست کی کہ اگر کسی کو ان کے بھائی کی کسی بات سے تکلیف پہنچی ہو، تو وہ انہیں معاف کر دیں اور ان کے لیے مغفرت کی دعا کریں۔
جنازے میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ جہاں نظر دوڑائی جائے، انسانوں کا سمندر نظر آ رہا تھا۔ بیت العلوم کی سرزمین پر یہ اب تک کا سب سے بڑا جنازہ بتایا جا رہا ہے۔ ایک شخص نے غمگین لہجے میں کہا: جس کے کان تک خبر پہنچی، اسی کے قدم جنازے کی طرف بڑھتے چلے گئے۔"
اللہ تعالیٰ مفتی احمد صاحب کی شہادت کو قبول فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین یا رب العالمین
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں