کشن گنج 28/اگست (مظہر ربانی) آج کشن گنج لہرا چوک کے پاس انڈین مسلم لیگ کے پریس کانفرنس میں راشٹریہ علماء کونسل کے صوبائی انچارج مولانا آفتاب اظہر صدیقی اور صوبائی سکریٹری سفیر الدین راہی موجود رہے، انہوں نے پریس کانفرنس کے بعد انڈین یونین مسلم لیگ کے صوبائی صدر ایس نعیم اختر سے بہار 2020ء کے انتخابات میں اتحاد کی بات کی۔
مولانا آفتاب اظہر صدیقی نے کہا کہ جب نام نہاد سیکولر پارٹیاں مسلم پارٹیوں سے اتحاد کرنا نہیں چاہتی ہیں؛ تو ہمیں خود اپنی صفوں میں اتحاد کرکے الیکشن لڑکر اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ایس نعیم اختر نے بھی اتحاد کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے کہا کہ ہم اتحاد کے لیے تیار ہیں۔ مولانا آفتاب اظہر صدیقی نے بتایا کہ کچھ دنوں میں راشٹریہ علماء کونسل کے قومی صدر مولانا عامر رشادی مدنی پٹنہ تشریف لا رہے ہیں؛
جہاں پارٹی کے صوبائی صدر فردوس احمد پرنس، توحید انصاری، متھلیش یادو اور پارٹی کے اہم ذمہ داران کی موجودگی میں ہم لوگ بیٹھ کر اتحاد کی شرائط طے کرلیں گے۔
مولانا آفتاب اظہر صدیقی نے کہا کہ ہماری کوشش یہ ہے کہ ہم تمام مسلم پارٹیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے الیکشن لڑیں اور نام نہاد سیکولر پارٹیوں کو منھ توڑ جواب دیں۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں