نئی دہلی(یواین اے نیوز28مئی2020)پاپولر فرنٹ آف انڈیا مہاراشٹر کے رضاکاروں نے کورونا وائرس وبا کے دوران اپنی بے لوث راحت خدمات کی وجہ سے قومی توجہ حاصل کی ہے۔ ایسے حالات میں جبکہ پورا ملک متاثر تھا اور بڑی تعداد میں اموات ہو رہی تھیں، حتیٰ کہ مرنے والوں کے اہل خانہ بھی ان کی آخری رسومات ادا کرنے میں مدد کے لئے آگے نہیں آ رہے تھے۔ یہ چیز ریاستی حکومت کے لئے ایک بڑا مسئلہ بن گئی تھی۔ ایسے میں پاپولر فرنٹ کے رضاکاران نے آگے بڑھ کر مقامی اہلکاروں کے ساتھ مل کر مرنے والوں کی آخری رسومات کی ادائیگی کا فیصلہ کیا۔تنظیم نے 27/مئی 2020 تک 87/افراد کی آخری رسومات ادا کرکے ملک میں ایک مثال قائم کی ہے اور یہ خدمت اب بھی جاری ہے۔
اس خدمت میں شامل پاپولر فرنٹ کے رضاکاران کو 27/مئی 2020 کو گرودوارہ گرونانک صاحب دربار- کیمپ پونے میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران گرودوارہ کے صدر چرن سنگھ ساہنی، سکریٹری وِکی اوبرائے اور پی آر او مہیندر سنگھ قندھاری کے ہاتھوں سے نوازا گیا۔اس موقع پر انہوں نے پاپولر فرنٹ کے رضاکاران کو 95/پی پی ای کٹ کا عطیہ بھی دیا۔ اس سے قبل بھی انہوں نے مرنے والوں کو کفنانے کے لئے 100/میٹر کپڑا بھی عطیہ کیا تھا اور آنے والے دنوں میں مزید تعاون کا اظہار بھی کیا ہے۔پروگرام میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا پونے کے رضاکاران کی قیادت ضلعی صدر رضی احمد خان اور ضلعی سکریٹری عبدالعزیز بنسل نے کی۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں