پٹنہ(یواین اے نیوز3اپریل2020)جماعت اسلامی،بانکی پور،پٹنہ یونٹ کے امیر مقامی محمد انور نے ایک پریس بیان جاری کر کے کہا ہے کہ ملک کے مسلمان تبلیغی جماعت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ جماعت ایک دینی جماعت ہے جو کئی برسوں سے لوگوں کو کلمہ، نماز وغیرہ کے راستے کی طرف بلاتی ہے۔ ہندستان میں یہ جماعت ایک عرصے سے متحرک ہے۔ اب تک اس پر کوئی غیر قانونی کام کرنے کا الزام تک نہیں لگا ہے۔ لیکن ایک منصوبہ بند سازش کے تحت تبلیغی جماعت کو بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تبلیغی جماعت ایسے صالح،نیک اور بے ضرر لوگوں کی جماعت ہے جس سے اب تک کسی ہندو،مسلمان یا کسی بھی مذہب کے ماننے والے کو کوئی تکلیف نہیں ہوئی ہے۔ یہ لوگ اپنا کام خاموشی اور انتہائی متانت سے کرتے ہیں۔
انھیں کسی سیاسی جماعت سے کوئی مطلب نہیں ہے۔ میڈیا صرف فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کے لئے اس جماعت کے خلاف زہر اگل رہا ہے۔ محمد انور نے کہا کہ حکومت کے پاس باہر سے آنے والوں کی پوری تفصیلات ہوتی ہیں۔ وزارت خارجہ کو سب معلوم ہوتا ہے کہ ہندوستان میں کون شخص کس ملک سے آیا ہے، کس شہر میں کتنے دنوں اس کا قیام ہوگا اور وہ کب واپس ہوگا۔ یہ ذمہ داری تو حکومت کی تھی کہ وہ مرکز میں ٹھہرے ہوئے لوگوں کو ان کے گھروں میں پہنچانے کا نظم کرتی۔ غیر منصوبہ بند لاک ڈاؤن کے بعد جو لوگ وہاں پھنسے ہوئے تھے انھیں شرارتی میڈیا چھپا ہوا بتاتا ہے۔ یہ دہرا معیار صرف ہندؤں اور مسلمانوں کو لڑانے کے لئے اختیار کیا جا رہا ہے۔ محمد انور نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے بعد سرکاری سطح پر بھی اجتماع ہوئے۔
خود یو پی کے وزیر اعلیٰ نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کی۔ لیکن میڈیا نے اس پر کوئی واویلا نہیں مچایا۔ میڈیا نے ان سیدھے سادھے لوگوں کو نشانہ بنایا جو بے قصور تھے۔ محمد انور نے کہا کہ لوگوں کو تبلیغی جماعت کے بارے میں پڑھنا چاہئے تب انھیں سمجھ میں آئے گا کہ یہ جماعت بالکل بے ضرر ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اس شر سے خیر کا پہلو ضرور نکالے گا۔ لوگ جب تبلیغی جماعت کے بارے میں جاننے کے لئے انٹرنیٹ پر جائیں گے تو انھیں کوئی ایسی چیز نہیں ملے گی جس سے وہ اس جماعت سے متنفر ہوں۔ بلکہ اس کے بر عکس انھیں طارق جمیل جیسے مقررین کی اثر انگیز تقریریں ملیں گی۔ جن کو سن کر بڑی بڑی شخصیتیں اسلام کے آغوش میں آ گئیں ہیں۔ محمد انور نے کہا کہ جھوٹ بہت زیادہ دنوں تک نہیں رہتا۔ جھوٹ تو خدا کو بھی پسند نہیں اور وہ آج نہ کل اس زمین پر ہی جھوٹوں سے انتقام لے کر رہتا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں