دیوبند،دانیال خان (یو این اے نیوز 11اپریل 2020)لاک ڈاؤن میں پھنسے ضرورت مند لوگوں کی مدد کا سلسلہ مسلسل جاری ہے،ہفتہ کے روز بھی مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں نے لوگوں کو کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کی۔ساتھ ہی امدادی رقم کے چیک وزیر اعظم ریلیف فنڈ میں بھیجے۔جامعہ طبیہ دیوبند میں بنائے گئے کوارنٹین وارڈ کا معائنہ کرنے پہنچے ایس ڈی ایم دیوبند دیوندر کمار کو جامعہ طبیہ کے سکیٹری ڈاکٹر انور سعید اورایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر اختر سعید نے دس پی پی ای کٹ سونپی،ایس ڈی ایم نے جامعہ طبیہ کے ذریعہ کئے جا رہے ریلیف کے کاموں کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ جامعہ طبیہ میں 112لوگوں کو کوارنٹین کیا گیا ہے جہاں پر ڈاکٹر اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔جامعہ طبیہ دیوبند کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر اختر سعید نے بتایا کہ جامعہ طبیہ کی جانب سے راحتی کام جنگی پیمانے پر جاری ہیں، شہر کے مختلف محلوں میں مسلسل راشن کے پیکٹس تقسیم کئے جا رہے ہیں.
ساتھ ہی پکا ہوا کھانا بھی ڈبوں میں پیک کر ضرورت مند افراد تک پہنچایا جا رہا ہے۔ڈاکٹر انور سعید نے بتایا کہ جنتا کرفیو والے دن سے ہوٹلوں کے باہر بیٹھنے والوں،ٹھیلے والوں کو اور سڑک پر سونے والوں غریب ضرورت مندوں کے لئے کھانے کی شروعات کی تھی جو آج بھی جاری ہے،پہلے 2سو لوگوں کے لئے کھانا پکایا تھا اور اب 2ہزار لوگوں کے لئے کھانا پک رہا ہے،اللہ ہم سے کام لے رہا ہے اور یہ کام اس وقت تک جاری رہے گا جب ہمارا رب چاہے گا۔وہیں بہوجن سماج پارٹی کے لیڈرماجد گوڑ نے اپنی اہلیہ و ضلع پنچایت صدر تسمین بانوں کی جانب سے ان کے پنچایتی فنڈ سے ایک کروڑ گیارہ لاکھ روپئے کا چیک وزیر اعلی کورونا ریلیف فنڈ میں جمع کرایا۔اس دوران ماجد گوڑنے کہا کہ اس نازک وقت میں مالدار لوگوں کو غریب اور ضرورت مندوں کی مدد کے لئے آگے آنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت و انتظامیہ کی جاب سے جاری ہدایات پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھ ہمیں دوسروں کو بھی اس بات کی صلاح دینی چاہئے کہ گھروں میں رہکر ہی محفوظ رہا جا سکتا ہے،اسکے علاوہ ہمیں اپنے آس پڑوس کا بھی خیال رکھنا چاہئے غریب اور پریشان حال لوگوں کی مشکلوں کو دور کرنا چاہئے کیوں کہ ایسے نیک کام کا حکم ہمیں اسلام نے ہی دیا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں