دیوبند:دانیال خان(یواین اے نیوز21مارچ2020)کورونا وائرس کے پیش نظر دارالعلوم وقف دیوبند نے 25مارچ 2020سے ادارہ میں شروع ہونے والے سالانہ امتحانات (خواہ تقریری ہوں یا تحریری)ملتوی کر دئے ہیں۔دارالعلوم وقف دیوبند کے نائب مہتمم مولانا محمد ڈاکٹر شکیب قاسمی نے بتایا کہ اس وقت کورونا وائرس نامی وباء نے عالمی پیمانے پر انتہائی صورت حال اختیار کر لی ہے،جس کے اثرات ملک میں بھی نظر آرہے ہیں،اسی تناظر میں حکومت نے احتیاطی نقطئہ نظر سے 2اپریل 2020تک تمام طرح کی تعلیمی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے اور چونکہ ادارہ میں اسباق کی تکمیل ہو چکی تھی اور ادارہ میں تعلیم کا سلسلہ موقوف ہی تھا،علاوہ ازیں اس تشویشناک صورت حال میں اطلاعات کے مطابق تقریبا ڈیڈھ سو ٹرینیں بھی کینسل ہو گئی ہیں اور جس طرح تیزی کے ساتھ اس وباء کے اثرات پھیلتے ہوئے نظر آ رہے ہیں ایسے میں مستقبل قریب میں بھی بہ ظاہر صورت حال مثبت نظر نہیں آ رہی ہے،ڈاکٹر شکیب قاسمی نے بتایا کہ طلبہ عزیز کا تحفظ ادارہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ادارہ اس بات کا آرزومند بھی ہے کہ طلبہ عزیز بحفاظت اپنے گھر پہنچ جائیں۔
لہذا مزکورہ احوال کے تناظر میں اساتذہ جامعہ کی ایک اہم میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا ہے کہ فی الحال ادارہ میں تعطیل کر دی جائے اور 25مارچ 2020سے جاری ہونے والے تمام امتحانات (خواہ تقریری ہوں یا تحریری)ملتوی کر دئے جائیں اور یہ امتحان ماہ شوال میںمنعقد کئے جائیں۔مولانا محمد شکیب قاسمی نے بتایا کہ میٹنگ میں طلبہ عزیز کی روانگی کے ٹکٹ میں آنے والی دشواریوں کا ادراک کرتے ہوئے یہ بھے طے ہوا ہے کہ جب تک طلبہ کے ٹکٹ کنفرم نہیں ہو جاتے اس وقت تک طلبہ ادارہ میں ہی قیام کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران دارالاقامہ اور مطبخ کا نظام العمل حسب دستور جاری رہے گا،علاوہ ازیں اگر ہنگامی طور پر کوئی نئی صورت درپیش آئی تو ادارہ اس کا اعلان کر دے گا۔انہوں نے طلبہ سے تتکال ٹکٹ حاصل کرنے کی اپنی بھر پور کوشش جاری رکھنے،اپنے کمروں میں ہی رہنے، ضروری کاموں کے لئے ہی باہر نکلنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ قومی مصیبت کے وقت وہ اپنا تعاون دیکر اس وباء سے بچنے کی پہل کریں۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں