تازہ ترین

ہفتہ، 21 مارچ، 2020

دارالعلوم دیوبند،دارالعلوم وقف دیوبند اور دارالعلوم زکریانے تعطیل عام کا اعلان کیا

دیوبند:دانیال خان(یواین اے نیوز21مارچ2020)پوری دنیا کے حالات بجلی کی سی رفتار سے تبدیل ہو رہے ہیں۔ اس نئے کرونا وائرس (9-COVID) نے ایک کے بعد دوسرے شہرکو اپنی زد میں لینا شروع کر دیا ہے، لاکھوں لوگ اس کا شکار ہوئے ہیں۔ لیکن ابھی یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ وباء اپنی انتہاء کو پہنچ چکی ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں روزانہ 20 سے 30 فیصد اضافہ ہو رہا ہے۔ فی الحال اس کی کوئی ویکسین نہیں ہے اور کسی کے پاس حالات پر قابو پانے کا کوئی مؤثر منصوبہ بھی نہیں ہے۔ زیادہ تر ممالک عالمی ادارہ صحت(WHO) جیسے اداروں کی ہدایات کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی مرضی کے اقدامات کر رہے ہیں۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں کے صحت کے شعبے جواب دے چکے ہیں اور دوسرے ممالک کے شعبہ صحت کے کارکنان آنے والے ہفتوں اور مہینوں کو لے کر خوفزدہ ہیں۔اسی تناظر میںملک کے وزیر اعظم نریندر مودی نے کل (آج)عوامی کرفیوں کا اعلان کیا ہے ساتھ ہی مرکزی و ریاستی حکومت کے علاوہ این جی اوز،سماجی تنظیمیں،مساجداور دینی مدارس احتیاتی تدابیر اختیار کرنے کے مشورہ عوام کو دے رہے ہیں۔

حکومت کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیروں پر عمل کرتے ہوئے آج دارالعلوم دیوبند،دارالعلوم وقف دیوبند اور دارالعلوم زکریانے تعطیل عام کا اعلان کر دیا۔دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی کے دستخط سے جاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس نامی وباء کے پھیلتے اثرات سے تحفظ کے پس منظر میں عوامی کرفیوں کے پیش نظر تمام دفاتر بند رہیں گے اور ادارہ میں تعطیل عام رہے گی۔مولانا محمد سفیان قاسمی نے جملہ اراکین ادارہ اور ادارہ میں مقیم تمام طلبہ اور عوام سے غیر ضروری اجتماعات اور غیر ضروری بھیڑسے گریز کرنے کی اپیل کی۔دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی بنارسی نے بھی دارالعلوم دیوبند کے لیٹر پیڈ پر ایک اعلان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی کرفیو کے سبب ادارہ میں تمام دفاتر بند رہیں گے اور دارالعلوم میں تعطیل عام رہے گی،انہوں نے تمام طلبہ کو احاطہ دارالعلوم میں ہی رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے بارگاہ الہی میں ہاتھ اٹھاکر رحم و کرم اور ملک میں اس مرض سے بچنے اللہ تعالی کو راضی کرنے،زیادہ سے زیادہ توبہ و استغفار کرنے کو کہا۔دارالعلوم زکریا کے مہتمم مولانا مفتی محمد شریف خان قاسمی نے ادارہ میں تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے صاف صفائی پر توجہ دینے احتیاط رکھنے،کو رونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر اختیار کرنے کے مشورے دئے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad