تازہ ترین

جمعہ، 7 فروری، 2020

جمعیۃ علماء ہند کی مجلس منتظمہ کا اجلاس ممبئی میں23/فروری کو آزاد میدان،ممبئی میں مولانا سید ارشد مدنی صدر جمعیۃ علماء ہند کا خطاب،ریاستی کارکنان انتظامات میں جُٹِے

ممبئی(یواین اے نیوز 7فروری2020)ملک کی مؤقر اور فعال تنظیم جمعیۃ علماء ہند نے اپنی مجلس منتظمہ (جنرل باڈی) کی میٹنگ ممبئی شہر میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اورا س موقع پر ایک عوامی جلسہ بھی آزاد میدان میں رکھا گیا ہے،جس میں صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی دامت برکاتہم کے علاوہ مختلف مذاہب کے سیکولر دانشوروں کی تقریریں ہوں گی۔عروس البلاد ممبئی کے وسیع و عریض تاریخی آزادمیدان میں 23/فروری 2020بروز اتوارشام 5/بجے تا 10/ بجے شب یہ جلسہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جس میں جانشین شیخ الاسلام حضرت مولانا سید ارشد مدنی ادام اللہ فیوضہم صدر جمعیۃعلماء ہند کا خصوصی خطاب ہوگا۔یہ جلسہ عام ملک کے حالات کے پیش نظر مسلمانان ِ ہند اور باشندگان ملک دونوں کے لئے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔

جلسہ کی تیاری اور انتظامی امور کے سلسلہ میں ایک مشاورتی نشست زیر صدارت مولانا اشتیاق احمد قاسمی نائب صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر منعقد کی گئی، جس میں ممبئی و اطراف کے جمعیۃعلماء کے متحرک اور فعال کارکنان اور نمایاں اداروں کے ذمہ داروں نے شرکت کی۔اس اہم میٹنگ میں مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء مہاراشٹر نے بتایا کہ جمعیۃعلماء ہند کے جلسہ عام کی ابتدائی کارروائی پرمیشن وغیرہ حاصل کرلیا گیا ہے۔مجلس منتظمہ اور جلسہ عام میں خاصی تعداد میں والینٹیر اور رضا کار کی ضرورت ہے،اس کے لئے مقامی جمعیۃ اور مدارس کے ذمہ داروں نے افراد فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔جمعیۃ علماء ہند کے اجلاس مجلس منتظمہ کے لئے استقبالیہ کمیٹی بنائی گئی جس کا صدر الحاج بشیر موسیٰ پٹیل سابق ایم ایل اے و چیئر مین محمد صابو صدیق مسافر خانہ،کرافورڈ مارکیٹ،ممبئی کو بنایا گیا۔واضح رہے کہ اس جلسہ عام کی دعوت دینے کے لئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے ایک وفد نے صدر مجلس استقبالیہ الحاج بشیر موسیٰ پٹیل کی قیادت میں مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انل دیشمکھ سے منترالیہ میں ملاقات کی۔

نیز اجیت داداپوا ر نائب وزیر اعلیٰ حکومت مہاراشٹر، نواب ملک وزیربرائے اقلیتی امور حکومت مہاراشٹر اور جیتندر اوہاڑ وزیربرائے ہاؤسنگ حکومت مہاراشٹرکو مہمان خصوصی کی حیثیت سے جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دی۔اس وفد میں مولانا اشتیاق احمد قاسمی نائب صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر، مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری،مفتی محمد یوسف قاسمی خازن،مولانا عبد القیوم قاسمی ناظم نشر و اشاعت،مولانا معراج الحق قاسمی آرگنائزر جمعیۃعلماء مہاراشٹر اور مولانا منصور احمد قاسمی (رکن کاجو پاڑہ)حافظ علاؤالدین (استاد دار العلوم امدادیہ،ممبئی)وغیرہ قابل ذکر ہیں۔مشاورتی میٹنگ کا آغازمولانا محمد اسلم قاسمی (ملاڈ) کی تلاوت کلام پاک سے ہوااور اختتام مفتی محمد اسماعیل قاسمی (صدر جمعیۃ علماء شہر مالیگاؤں و ایم ایل اے) کی دعا پر ہوا۔اس میٹنگ میں ممبئی،تھانے و پالگھر کی مقامی یونٹوں کے صدور و نظماء اعلیٰ اور ناسک، مالیگاؤں اور دھولیہ کے جمعیۃعلماء کے ذمہ داروں نے شرکت کی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad