یونانی ڈاکٹروں کو آٹھ ماہ کی ٹریننگ اور بقیہ ڈاکٹروں کو چھ ماہ کی ٹریننگ سے یونانی ڈاکٹروں کو نقصان
ممبئی(یواین اے نیوز 7فروری2020)مرکزی حکومت کی جانب سے آیوش بھارت یوجنا کے تحت آیورویدا اور یونانی نرسنگ کی سی ایچ او پوسٹ بھرتی کے لیئے 6 ماہ کی خصوصی ٹریننگ کو لازمی قرارد یا گیاتھا لیکن اب یونانی ڈاکٹروں کی ٹریننگ کو 8 ماہ کردیا گیا ہے جس کے خلاف جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی)نے ممبئی ہائیکورٹ سے رجو ع کیا ہے کیونکہ یونانی ڈاکٹروں کے علاوہ دیگر ڈاکٹروں کو ٹریننگ 6 ماہ ہی کرنا ہوگی جبکہ یونانی ڈاکٹرس جس میں اکثریت مسلم ڈاکٹروں کی ہے کو دو ماہ زیادہ ٹریننگ کرانا ان کے ساتھ ناانصافی ہے۔یونانی مسلم ڈاکٹروں کے ساتھ ہونے والی اس ناانصافی کے خلاف ڈاکٹر خورشید عالم قادری (سابق رکن MCIM) کی قیادت میں ڈاکٹروں کے ایک وفد جس میں ڈاکٹر مدثر، ڈاکٹر افتخار نیر، ڈاکٹر سہل قادری، ڈاکٹر جمیل خان، ڈاکٹر محمد ساجد، ڈاکٹر قمرالزماں،ڈاکٹر محمد شاکر، ڈاکٹر معیدولی صدیقی وغیرہ نے جمعیۃ علماء قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی اور جنرل سیکریڑی مولانا حلیم اللہ قاسمی سے دفتر جمعیۃ علماء میں ملاقات کرکے ان سے قانونی مدد طلب کی تھی۔
گلزار اعظمی نے ڈاکٹروں کی درخواست پر وکلاء افروز صدیقی، شریف شیخ، انصار تنبولی، شاہد ندیم و دیگر سے صلاح و مشورہ کرنے کے بعد ممبئی ہائی کورٹ میں پٹیشن داخل کرنے کا فیصلہ کیا اور اس تعلق سے ممبئی ہائی کورٹ میں پٹیشن داخل کی جاچکی ہے جس پر 10 فروری کو سماعت متوقع ہے۔واضح رہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے آیوش بھارت یوجنا کے تحت سرکاری اسپتال اورہیلتھ سینٹر وں میں بھرتی کے لیئے یونانی CHO ڈاکٹروں کی بھرتی اور MUHS کورس آیورویدک یونانی اور نرسنگ کے لیئے سبھی امیدواروں کی 6مہینے کی ٹریننگ ہوتی ہے لیکن اچانک ایک سر کولر جاری کرکے حکومت نے یونانی ڈاکٹروں کی ٹریننگ 8 ماہ کردی ہے جبکہ 6 ماہ کی ٹریننگ کے بعد یونانی کے علاوہ دیگر ڈاکٹروں کے امتحانات لیکر انہیں مذکورہ یوجنا کے تحت WHOسینٹر پر بھرتی کرلیا جائے گا حالانکہ تمام ڈاکٹروں کی ٹریننگ کی میعاد ایک جیسی ہونا چاہئے تاکہ میرٹ کی بنیاد پر ڈاکٹروں کی بھرتی ہوسکے۔مرکزی حکومت نے آیوش بھارت یوجنا کے تحت پورے ملک میں دیڑھ لاکھ ڈاکٹروں کی تقرری کا فیصلہ کیاہے اور مہاراشٹر میں 12415 ڈاکٹروں کی تقرری کے لیئے اقدامات شروع کیئے ہیں۔
لیکن یونانی ڈاکٹروں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف جمعیۃ علماء نے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔گلزار اعظمی کی ہدایت پر ممبئی ہائی کورٹ میں پٹیشن داخل کرنے والے ایڈوکیٹ افروز صدیقی نے ہائی کورٹ میں پٹیشن(WPST/2169/2020) داخل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یونانی ڈاکٹروں کے ساتھ کی جانے والی ناانصافی کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا ہے کیونکہ یونانی کے علاوہ دیگر ڈاکٹر وں کو چھ ماہ کی ٹریننگ کے بعد نوکری مل جائے گی اور آٹھ ماہ کی ٹریننگ مکمل کرنے کے بعد یونانی ڈاکٹروں کے لیئے نوکریاں بچے گی ہی نہیں لہذا ہم نے ممبئی ہائی کورٹ سے اس تعلق سے رجوع کیا ہے اورعدالت سے ہماری درخواست ہیکہ وہ حکومت کو حکم دے کہ تمام ڈاکٹروں کی ٹریننگ کی میعاد ایک جیسی ہو تاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہواور میرٹ کی بنیاد پر ڈاکٹروں کی تقرری ہو۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں