تازہ ترین

جمعہ، 17 جنوری، 2020

دیوندر سنگھ کی گرفتاری سے ہونے والی اسرار کو ختم کیا جائے اور عوام کے سامنے سچائی لائی جائے ۔ ایس ڈی پی آئی

نئی دہلی(یواین اے نیوز 17جنوری2020)سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی)کے قومی صدر ایم کے فیضی نے اپنے جاری کردہ اخباری بیان میں مرکزی حکومت اور تفتیشی ایجنسیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈپٹی سپرنڈنٹ آف پولیس دیوندرسنگھ جن پر جموں کشمیر کے کلگام ضلع میں حزب المجاہدین کے ممبروں کے ساتھ ملکر ملک کے خلاف سنگین جرائم کرنے کے مبینہ الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ، ان کی گرفتاری کے ارد گرد اسرار کو دور کیا جائے ۔ اس حقیقت کے باوجود کہ ایک سینئر پولیس آفیسر جنہیں گزشتہ سال پولیس میڈل سے نواز ا گیا تھا انہیں مبینہ دہشت گردوں کو نقل و حمل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے ۔ تشویش کی بات ہے کہ اس معاملے میں ملک میں کوئی سنجیدہ سوال نہیں اٹھ رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق دیوندر سنگھ نے پہلے ہی دہشت گردوں کو انتہائی درجہ بند معلومات منتقل کردی ہیں۔

 اگرچہ اس واقعہ کو پانچ دن گذر چکے ہیں لیکن چند ایک لیڈرس کے سوا مرکزی حکومت اور اپوزیشن پا رٹیاں اس معاملے پر خاموش ہیں۔ ستم ظریقی یہ ہے کہ ملک میں میڈیا کا ایک ایسا طبقہ جو معمولی اور مقامی واقعات کو بھی سنسنی خیز بنادیتا ہے ، برادریوں اور تنظیموں کے پیچھے پڑا رہتا ہے حتی کے اختلاف رائے رکھنے والوں کو نشانہ بنا کر انہیں ملک دشمن قرار دیتا ہے ، اب وہ قومی سلامتی سے براہ راست جڑے ہوئے سنگین واقعے سے منہ موڑ رہا ہے ۔ ایس ڈی پی آئی قومی صدر ایم کے فیضی نے اس بات کی طرف خصوصی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے قبل بھی مذکورہ افسر کے خلاف سنگین الزامات عائد کئے گئے تھے ۔ ان کا نام 2001کے بدنام زمانہ پارلیمنٹ حملے اور اس کے اہم ملزم اور مجرم افضل گرو سے منسلک تھا۔

 افضل گرو کا ریکارڈ کردہ بیان ہے کہ یہ سنگھ ہی تھے جنہوں نے ان کے ساتھ پارلیمنٹ حملہ آوروں کو دہلی بھیجا تھا۔ سپریم کورٹ کے حکم سے افضل گرو کو پھانسی کے ساتھ ہی یہ معاملہ وہیں ختم ہوگیا تھا۔ اب موجودہ واقعے کے بعد اور سنگھ کی گرفتاری کے بعد یہ بات سامنے آرہی ہے کہ مبینہ طور پر پارلیمنٹ حملے میں بھی دیوندر سنگھ شامل ہوسکتے ہیں۔ اب تک ہم دہشت گردی کے ہر واقعے کے بارے میں یا تو سرکاری انکشافات کے طور پر یا تحقیقات یا خفیہ ایجنسیوں کے حوالے سے یا میڈیا کی کہانیوں کے طور پر انکشافات اور بحث ومباحثہ کا مشاہدہ کرتے آرہے ہیں۔ایم کے فیضی نے زور دیکر کہا ہے کہ قومی سلامتی کے اس مسئلے کے بارے میں پوری حقیقت جاننے کا ہندوستانی عوام کو پورا حق ہے ۔ انہو ں نے مرکزی حکومت کی ایجنسیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پوری سچائی کو ظاہر کریں اور میڈیا جو قومی سلامتی کا نگہبان ہے وہ اس اسرار کو اجاگر کرنے میں اپنا فرض ادا کرے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad