تازہ ترین

جمعہ، 10 جنوری، 2020

حسیب صدیقی میموریل سوسائٹی کی جانب سے شیخ الہند ہال میں اعزازی تقریب کا انعقاد

دیوبند:دانیال خان(یواین اے نیوز10جنوری2020)سابق جنرل منیجر مسلم فنڈ دیوبندوسابق میونسپل بورڈ چیئر مین مولانا حسیب صدیقی ؒ کی پہلی یوم وفات کے موقع پر حسیب صدیقی میموریل سوسائٹی کی جانب سے مدنی روڑ پر واقع شیخ الہند ہال میں ایک اعزازی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمایاں افراد کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں فخر دیوبند کے اعزاز سے نوازا گیا۔منعقدہ اعزازی تقریب کی صدارت سوسائٹی کے صدرڈاکٹرایاز صدیقی نے کی اور نظامت کے فرائض معروف ادیب و قلم کار سید وجاہت شاہ عرف کمل دیوبندی نے انجام دئے۔اس موقع پرجامعہ طبیہ میڈیکل کالج کے سکیٹری ڈاکٹر انور سعید، ڈاکٹر ڈی کے جین،انوج گوئل،اروند گوئل،ڈاکٹر معید الزماں،ڈاکٹر سلیم الرحمان،ڈاکٹر جاوید،ڈاکٹر اعظم،ڈاکٹر نوشاد،ڈاکٹر شالینی کھرانہ،سیٹھ کلدیپ کمار،اشوک گپتا،تحسین خان ایڈوکیٹ اورڈاکٹر لینا گوئل کو انکی طبی،علمی اور عوامی خدمات کے پیش نظر عالمی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی،مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی،عدیل صدیقی،فیضی صدیقی،ایاز صدیقی اور شہر کے سرکردہ افراد کی جانب سے اعزاز سے نوازا گیا۔

تقریب میں اتر پردیش اردو اکیڈمی کے سابق چیئرمین ڈاکٹر نواز دیوبندی نے نہایت تفصیلی طورپر مولانا حسیب صدیقی کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ مرحوم نے اپنے زندگی میں انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔مولانا مرحوم کے قریبی دوست رہے معراج الدین صدیقی مظفرنگری نے کہا کہ حسیب صدیقی جیسی شخصیات بہت کم پیدا ہوتی ہیں، دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ مولانا نسیم اختر شاہ قیصر نے مولانا حسیب صدیقی کو یاد کرتے ہوئے کہاکہ ایسے بہت کم لوگ دنیا میں پیدا ہوتے ہیں جن کی پوری زندگی لوگوں کی خدمت اور بھلائی میں گزری ہو،مرحوم کی زندگی کا خاصہ یہی تھا۔تحسین خان ایڈوکیٹ اور ڈاکٹر انور سعید نے مولانا حسیب صدیقی ؒ کی خدمات کا تزکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ مرحوم کی شخصیت سے متاثر رہے ہیں۔بی جے پی لیڈر دیپک راج سنگھل اور اشوک گپتا نے کہا کہ مولانا مرحوم نے 57سالوں تک بلا تفریق مزہب و ملت عوام کی خدمت کی ہے۔


سابق ایم ایل اے معاویہ علی اور سابق چیئر مین دیوبند انعام قریشی نے کہا کہ مولانا حسیب صدیقیؒ مرحوم جو مشن چھوڑ کر گئے ہیں اس کی آبیاری ہم سب کافرض ہے۔ پبلک گرلز انٹر کالج کی پرنسپل صبا حسیب صدیقی نے کہا کہ جس طرح والد بزرگوار، جنہوں نے قدم قدم پر ہماری بے مثال رہنمائی کی ہے۔ آج ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اسی طرح اتحاد و اتفاق کے ساتھ تمام فلاحی کاموں کو جاری رکھیں یہی ہماری سچی خراج عقیدت ہوگی۔ ایاز صدیقی نے بھی مولانا حسیب صدیقی کی زندگی پر مختصر انداز میں روشنی ڈالتے ہوئے اپنے بچپن کی زندگی کو یاد کرتے مرحوم کے کئی واقعات بیان کئے۔اس دوران مولانا حسیب صدیقی ؒ کے اہل خانہ سمیت مسلم فنڈ دیوبند اور اس کے تمام ذیلی اداروں کے کارکنان اور ذمہ داران و شہر کے لوگ بڑی تعداد میں موجود تھے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad