چھترگاچھ،کشن گنج 6/ جنوری (ابو اسجد) پوٹھیا بلاک کے ماتحت پنچایت چھترگاچھ، تالباڑی میں معہد سنابل للبنات میں تعلیمی افتتاح کے موضوع پر ایک اہم میٹنگ کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر مولانا زین العابدین سنابلی ڈائریکٹر معہد سنابل للبنات نے تمام شرکاء سے مدارس کو کھولنے اور مدارس کے نصاب کو سہل طریقے سے مکمل کرنے پر آرا لی۔
شرکاء نشست نے کہا کہ سرکار کی تعلیمی اداروں کو کھولنے کی گائیڈ لائن جاری کیے جانے کے بعد مدارس کو کھولنا ہی بہتر رہے گا، اس لیے کہ اس میں طلبہ و طالبات کا بھی فائدہ ہے اور اہل مدارس کا بھی، اس لیے کہ تین ماہ بعد رمضان بھی آرہا ہے، ایسے میں اگر مستقل مدارس کو بند رکھا جائے گا تعلیمی بحران کے ساتھ مالی نقصان بھی ہوگا۔ لہذا تمام شرکاء کے اتفاق رائے سے 9 جنوری بروز سنیچر سے معہد سنابل للبنات میں تعلیمی افتتاح کا اعلان کیا گیا۔
اس موقع پر مولانا ذاکر حسین، مرسلین عالم، ماسٹر علاء الدین، ماسٹر ثنائاللہ، شمیم اختر اصلاحی، نور الاسلام محمدی، عبدالجلیل ندوی، مولانا عبدالواحد بخاری وغیرہ موجود رہے۔ مولانا زین العابدین سنابلی نے تمام طالبات کے گارجین حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی بچیوں کو وقت پر مدرسہ بھیجنے کی تیاری کریں تاکہ ان کی تعلیم کا مزید نقصان نہ ہو۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں