کشن گنج، پورنیہ، ارریہ اور کٹیہار سے مختلف امیدوار ہوں گے میدان میں: فردوس احمد پرنس
ہم سیاسی میدان سے بھرشٹاچار کو دور کرنے کے لیے چناؤ لڑتے رہیں گے: مولانا آفتاب اظہرؔ صدیقی
کشن گنج / راشٹریہ علماء کونسل کے صوبائی صدر فردوس احمد پرنس اور صوبائی انچارج مولانا آفتاب اظہر صدیقی نے بہار کے آنے والے 2021ء کے ریاستی پنچایتی انتخابات کو لے کر بڑا اعلان کردیا ہے،فردوس احمد پرنس نے کہا کہ ہم پورے بہار میں اپنے پارٹی ذمہ داروں سے یہ اپیل کر رہے ہیں کہ وہ پنچایتی انتخاب میں اپنے امیدوار ضرور اتاریں؛ اگر کہیں کوئی ڈھنگ کا امیدوار نہ ملے اور سب بھرشٹ لوگ ہی میدان میں نظر آئیں تو خود طبع آزمائی کیجیے؛
لیکن چناؤ لڑیے، انہوں نے کہا کہ ہماری خاص نظر سیمانچل پر ہے، سیمانچل کے کشن گنج، پورنیہ، ارریہ اور کٹیہار میں ہماری تنظیم سازی کا کام زوروں پر ہے، ان شاء اللہ ان جگہوں پر پنچایتی انتخاب میں ہمارے امیدوار نظر آئیں گے۔ مولانا آفتاب اظہر صدیقی نے کہا کہ ہمارا مقصد الیکشن لڑکر صرف جیتنا یا پیسہ کمانا نہیں ہے؛ بلکہ سیاسی میدان میں در آئی برائیوں کو دور کرنا ہے، ہم بھرشٹاچار کے خلاف ہیں، ہم اس وقت تک سیاست کریں گے اور چناؤ لڑیں گے
جب تک سیاسی میدان سے بے ایمانوں اور بھرشٹ لوگوں کا صفایا نہ ہوجائے، ہم نے اسمبلی انتخابات میں بہار کی تین اسمبلی سیٹوں پر اپنے امیدواروں کو میدان میں اتارا تھا؛ ہمارے پاس بہت زیادہ لاؤ لشکر یا مال و دولت نہیں ہے؛ لیکن ہم ایماندار اور صاف ستھری سیاست کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور اس مشن میں محنت جاری ہے۔ ان شاء اللہ ایک نہ ایک دن ہمارا خواب ضرور پورا ہوگا۔ اس موقع پر سفیر الدین راہی صوبائی سکریٹری راشٹریہ علماء کونسل، توحید انصاری صوبائی نائب صدر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں