تازہ ترین

جمعرات، 24 دسمبر، 2020

ملت کو فائدہ پہنچانے کے لیے آگے آئیں علماء: مولانا الیاس مخلص

کشن گنج 24/ دسمبر (نامہ نگار) آج کشن گنج میں مدرسہ تجوید القرآن کاغذیہ محلہ کے اندر علمائے کرام کی نشست میں مولانا الیاس مخلص صدر جمعیۃ علماء ضلع کشن گنج نے ملی مفاد پر مشتمل گفتگو کے دوران کہا کہ ملت کو فائدہ پہنچانے کی غرض سے علمائے کرام کو آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، وہ علمائے کرام جو مساجد و مدارس میں خدمت انجام دیتے ہیں.



اور وہ علمائے کرام جو اپنی مشغولیات میں لگے ہیں انہیں چاہیے کہ اپنے وقت سے تھوڑا وقت نکال کر ملت کے لیے کام کریں، انہوں نے کہا کہ خدمت خلق صرف مالی فائدہ پہنچادینے کا نام نہیں ہے، بلکہ عوام کی دینی رہنمائی، سیاسی رہنمائی، تعلیمی رہنمائی اور اصلاح معاشرہ کے لیے اٹھایا جانے والا قدم بھی خدمت خلق کا حصہ ہے، کسی کے دکھ درد میں شریک ہونا، کسی کا غم غلط کردینا، کسی سے مسکراکر مل لینا، کسی کو دو بات بتاکر تسلی اور اطمینان دلا دینا، کسی کو ایک مسئلہ بتاد ینا، کسی کو ایک آیت یا سورت سکھا دینا یہ سب کام خدمت خلق میں شامل ہیں؛


 لیکن آج المیہ یہ ہے کہ ہم علمائے کرام بھی ذاتی مفاد تک محدود ہوتے جارہے ہیں، حالانکہ عالِم عالَم کے لیے ہوتاہے، عالم سے ایک عالم مستفید ہوتا ہے، اگر وہ خود میں محدود ہوکر رہ جائے تو اس کے علم کا کیا فائدہ۔ اس موقع پر مولانا حبیب الرحمن صدر مدرسہ تجوید القرآن کشن گنج، مولانا شمیم ریاض ندوی محرک مجلس علمائے ملت، سفیر الدین راہی ڈائیریکٹر اوریکل انٹر نیشنل اسکول اور مولانا آفتاب اظہر صدیقی صوبائی انچارج راشٹریہ علماء کونسل بھی موجود رہے اور اسی طرح کے ملتے جلتے خیالات کا اظہار کیا۔


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Post Top Ad