دیوبند،سمیر چودھری(یو این اے نیوز 25 دسمبر 2020) اکابرین دیوبند کی علمی جد و جہد اور فکرِ دیوبند کی توسیع کے تسلسل کی بقاء و تحفظ کے لئے آل انڈیا تنظیم و علماء حق کے ترجمان’فکرِ انقلاب‘ کے خصوصی شمارہ’اکابرِ دیوبند نمبر‘کی رسم رونمائی گزشتہ شب یہاں قاسم پورہ روڈ پرواقع معروف دینی ادارہ دارالعلوم اشرفیہ میں علماء کے ہاتھوں عمل میں آئی۔اس مناسبت سے منعقد تقریب میں دار العلوم دیوبند اور وقف دار العلوم دیوبند کے اصحابِ علم و قلم اور اہالیانِ دیوبند نے آل انڈیا تنظیم علماء حق کی تحسین کی اور کہا کہ جو کام دیوبند کی سرزمین میں ہونا چاہیے تھا
اس کو کام کو’فکرِ انقلاب‘ کے مدیران نے مولانا محمد اعجاز عرفی کی نگرانی میں دہلی میں انجام دیا، جس کے لئے پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔ دارالعلوم اشرفیہ کے مہتمم مولانا محمدسالم اشرف قاسمی نے اکابر دیوبند کی علمی فکری جد و جہد پر تبصرہ کرتے ہوے کہا کہ آل انڈیا تنظیم علماء حق مسلسل پندرہ سال سے اکابرِ دیوبند کے اوصاف و کمالات پر دستاویزی شمارے شائع کررہاہے،اکابرِ دیوبند پر عظیم تاریخی دستاویزی شمارہ’اکابرِ دیوبند نمبر‘ کی اشاعت سے وہ تاریخ ساز کارنامہ انجام دیا ہے،جس کے لئے اہل دیوبند اور علماء دیوبند کو ممنون ہونا چاہیے۔
ترجمانِ دیوبند کے مدیر اعلیٰ مولانا ندیم الواجدی نے کہا کہ اس دور میں اکابرِ دیوبند کے حالات و کوائف کی ترویج و اشاعت میں جو کردار آل انڈیا تنظیم علماء حق ادا کررہی ہے وہ لائق تحسین اور قابل تبریک ہے۔دار العلوم وقف کے استاذ مولانا نسیم اختر شاہ قیصر نے فکرِ انقلاب کے اکابرِ دیوبند نمبر کو ایک تاریخ ساز دستاویز قرار دیا اور کہا کہ اس شمارے میں عالمی سرکردہ شخصیات نے اپنے پیغامات میں اکابرِ دیوبند کے سلسلہ میں جن جذبات کا اظہار کیا ہے اس سے اس کی اہمیت دوبالا ہو جاتی ہے۔
قاری ابوالحسن اعظمی اور مولانا فرید الدین قاسمی نے بھی اکابر دیوبند نمبر‘ کی ستائش کی۔ مسلم یونیورسٹی علی گڑھ سے ڈاکٹر عبید اقبال عاصم، سہارنپور سے مفتی ناصر الدین مظاہری،رکن شوری دار العلوم دیوبند مولانا سید انظر حسین دیوبندی،نامور قلمکار سید وجاہت شاہ نے مشترکہ طور پر ’فکرِ انقلاب‘ کے اکابر دیوبند نمبر کو ایک انقلابی کارنامہ قرار دیتے ہوے کہا کہ اس کتاب کا مطالعہ یقینا ذہن و فکر میں انقلاب برپا کرے گا۔سابق رکن اسمبلی معاویہ علی نے بھی اپنی مسرت وخوشی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ دارن کو اس کار خیر کے لئے مبارکباد پیش کی۔
تقریب کے دوران معروف عالم دین مولانا اعجاز عرفی قاسمی اور ’فکر انقلاب کے مدیران مولانا اسعد مختار اور مولانا احسن مہتاب نے ’اکابر دیوبند نمبر‘ کی اہمیت اور مقصدیت پر روشنی ڈالی۔ علاوہ ازیں عبد الرحمان سیف عثمانی، مولانا انوار، مولانا زین الدین قاسمی اور مولانا احمد اویس قاسمی کیرانوی بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ دار العلوم دیوبند کے مفتی اعظم مفتی حبیب الرحمان کی دعاء پر تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ آخر میں کنوینر پروگرام مولانا سالم اشرف نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں